پنجاب حکومت انٹرٹینمنٹ سروسز کو محصولات میں خصوصی رعایت دیگی:مجتبیٰ شجاع الرحمان  

لاہور(کامرس رپورٹر ) پنجاب حکومت انٹرٹینمنٹ سے متعلقہ سروسز کو صوبائی محصولات میں خصوصی رعایت دے گی۔ آ ئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کیلئے صوبوں کو وفاق پر انحصار میں کمی کرنی پڑے گی۔ صنعتکار اورتاجر حضرات ٹیکسز میں استثنیٰ کے مطالبات کی بجائے اپنا واجب الاداء ٹیکس ادا کریں۔ فلمی صنعت کے فروغ کیلئے نواز شریف آ ئی ٹی سٹی میں باقاعدہ ٹاور بنایا جائے گا۔ فلمساز معیاری فلمیں لے کر آئیں گے تو سنیما گھر خود بخود آباد ہو جائیں گے۔سنیما مالکان سنیما بھارتی فلموں کی نمائش پر اصرار کی بجائے مقامی فلم سازوں سے تعاون کریں۔ پنجابی فلموں کی بحالی سنیما گھروں کی رونق بحال کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے گزشتہ روز معروف گلوکار وارث بیگ کی قیادت میں فلم پروڈیوسرز اور سنیما ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر نے وفد کو بتایا کہ صوبے کے وسائل کا صرف 20فیصد صوبے کے ذاتی محصولات پر مشتمل ہے باقی کے 80فیصد اخراجات وفاق سے ملنے والے حصے پر منحصر ہیں۔ صوبائی وسائل میں اضافے کیلئے ٹیکس نیٹ کا پھیلاؤ وقت کی اہم ضرورت ہے تاہم پنجاب حکومت صوبے کے عوام کو دستیاب تفریح  کے محدود مواقع کو ختم نہیں کرنا چاہتی اس لیے انٹرٹیمنٹ انڈسٹری کو صوبائی ٹیکسز میں رعایت دی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن