"انکریڈیبل پاکستانی ایوارڈز" 

Jun 02, 2024

طاہر منیر طاہر

 جب سے متحدہ عرب امارات معرض وجود میں آیا ہے تب سے پاکستانیوں کی  خطیر تعداد یہاں موجود ہے اور امارات کی تعمیر و ترقی میں مصروف ہے- متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں پاکستانیوں کے مثبت کردار کی تعریف یہاں کے شیوخ بھی کرتے ہیں- سمندر پا ر مقیم پاکستانیوں نے بہت سے ایسے کام کئے ہیں جو قا بل تعریف و تقلید ہیں- ایسے پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ماضی میں مختلف تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کام کرنے والے ہم وطنوں کی حوصلہ افزائی کی گئی- حال ہی میں پی ایس ایونٹس کے زیراہتمام "انکریڈیبل پاکستانی ایوارڈز" تقریب کا انعقاد پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں کیا گیا، جس میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سر انجام دینے پر حوصلہ افزائی کے لئے خوبصورت  ایوارڈ دئیے گئے- ایک عرصہ کے بعد اپنی نوعیت کی واحد خوبصورت اور کامیاب تقریب تھی جس کا سہرا پی ایس ایونٹس کی ایم ڈی یاسمین کنول چودھری، سی ای او مقبول انجم اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے، جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں- 

تقریب ?ذا کے مہمان خصوصی متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور میجرعمر محمد زبیر المرزوقی تھے- تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا- بعد ازاں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے جسے شرکائے تقریب نے عزت و احترام سے کھڑے ہو کر سنا- ایک ویڈیو فلم کے ذ ریعے بانی پاکستان  قائد اعظم محمد علی جناح  کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے وڑن کے مطابق پاکستان کی متحرک ثقافت اور ورثے کی نمائش کی گئی-
تقریب میں ایوارڈز کے چناؤ کے لئے خالد ملک، ثمینہ ناصر، خالد حسین چوہدری، امجد علی، ڈاکٹر نور الصباح، زبیر خان، اور یاسمین کنول سمیت ججز پر مشتمل ایک معزز پینل بنایا گیا تھا جنہوں نے انتہائی احتیاط سے مستحق ا یوارڈ یافتگان  کا چناؤ کیا- تقریب سے خطاب کرتے ھوئے پی ایس ایونٹس کی منیجنگ ڈائریکٹر یاسمین کنول نے کہا کہ پی ایس ایونٹس کے بینر تلے ہمارا مشن پاکستان کا ایک مثبت امیج پیش کرنا اور اپنی کمیونٹی کے اندر موجود  ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے- ناقابل یقین پاکستانی ایوارڈز کی کامیابی ہماری ثقافت کی بھرپوریت کو واضح کرتی ہے اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کی نمایاں شراکت کو نمایاں کرتی ہے- پی ایس ایونٹس کے سی ای او  مقبول احمد انجم نے کہا کہ انکریڈیبل پاکستانی ایوارڈز تقریب واقعی یاد رکھنے والی تقریب ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم نے اپنے ساتھی پاکستانیوں کو اعزاز دینے اور ان کی ناقابل یقین کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔ یہ تقریب ہمارے اتحاد کا جشن اور ہماری کمیونٹی کے لیے باعث فخر ہے۔
اس موقع پرعتیق محمد اجمل نے پر اثر آواز و انداز میں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے موضوعات پر تقریر کی۔ حاضرین کو مشہور فنکار محمد طارق کی ثقافتی رباب پرفارمنس سے بھی نوازا گیا، جنہوں نے پاکستان کے تمام صوبوں سے موسیقی کے فن پارے پیش کرکے شام کو ایک بھرپور ثقافتی ماحول فراہم کیا۔
مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کام کرنے والے اورغیر معمولی کامیابیوں کے حا مل افراد خلیل الرحمان بونیری، راجہ عبدالغفور،  قادر محمود، عبدالہادی اسکزئی، شاہد اقبال کاہلوں، افتخار  ہمدانی، چوہدری عبدالوحید، طاہر منیر طاہر، ناصر بنگش، چودھری عبدالحمید اور فہد اسد کے علاوہ بہت سے لوگوں کو ایوارڈ دئیے گئے- تقریب کے مہمان خصوصی آر جے طیب ارشماں اور منزہ چوہدری کو بھی ان کی شاندار خدمات پر تعریفی ایوارڈز سے نوازا گیا۔
پی ایس ایونٹس کی انتظامیہ نے کہا کہ ایونٹ کی کامیابی ہمارے اسپانسرز چیمپئن گروپ، پرفیکٹ ریئلٹی، جنرل ٹیک، مائیک این ڈیڈ، پرائما کیئر، راکیز، العین فارمز، العین واٹر، اسپارکل میٹل، اور رائل باکس کے فراخدلانہ تعاون سے ممکن ہوئی جس پر ہم ان کے شکر گزا ر ہیں- پی ایس ایونٹس نے اس بات کا ا عادہ کیا کہ بیرون ملک مقیم اوورسیز پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے آئندہ بھی ایسے ہی معیاری ایونٹس پیش کئے جاتے رہیں گے-

مزیدخبریں