راولپنڈی(جنرل رپورٹر)حضرت امام علی رضاکی تعلیمات و افکار اہلبیت ملت اسلامیہ کا عظیم سرمایہ ہے،آج دنیا بھر میں ہر جانب ظلم و فساد کا دورہ دورہ ہے،ایسے میں امت مسلمہ کیلئے انہی عظیم ہستیوں کے سنہرے کردار سے استفادہ حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کی شہادت سے پاکستان اور مسلم امہ ایک مخلص دوست سے محروم ہو گیا۔ایسی شخصیات کی کمی پورا کرنا انتہائی مشکل ہے۔ان خیالات کا اظہارسابق وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے مرکزی امام حسین کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ شہادت امام علی رضا کانفرنس و صدر اسلامی جمہوریہ ایران آقائے سید ابراہیم رئیسی کی یاد میں مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کی صدارت کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر سید غضنفر مہدی نے کی، جبکہ علامہ مفتی کفایت حسین نقوی،خانم عظمی رضا، حکیم محمد احمد سروسہارنپوری،مولانا کوثر عباس قمی،ڈاکٹر حسین احمد، سیدہ رقیہ،مروت حسین،سبطین رضا،سید واجد علی خرم،نعیم اکرم قریشی،اخلاق زیدی،آصفہ مقصودو دیگر نے بھی خطاب کیا۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے،ایرانی صدر نے فلسطین میں ڈھائے جانے والے مظالم پر بھرپور آواز بلند کی، ایرانی صدر کی امہ کیلئے خدمات فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ علامہ مفتی کفایت حسین نقوی نے کہا کہ اس وقت اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے امت مسلمہ کا اتحاد اشد ضروری ہے، ڈاکٹر سید غضنفر مہدی نے کہا کہ ایرانی صدر کی شہادت نے امہ کو رنجیدہ اور سوگوار کر دیا ہے۔