اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پلانٹ جینیٹک ریسورسز انسٹیٹیوٹ، پی اے آرسی کی جانب سے ماحولیاتی انحطاط اور حیاتیاتی تنوع کے بڑھتے ہوئے خدشات کو دور کرنے کے لیے، "پاکستان کے نایاب اور خطرے سے دوچار ادویات کے لیے مفید پودوں اور جڑی بوٹیوںکے تحفظ" کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد قدرتی وسائل بالخصوص ادویات اور خوشبو کے لیے استعمال ہونے والے پودوں کے تحفظ کے لیے پائیدار طریقوں کی ناگزیر ضرورت کو اجاگر کرنا تھا۔ پلانٹ جینیٹک ریسورسز انسٹی ٹیوٹ، این اے آر سی، اسلام آباد میں منعقد ہونے والے سیمینار کا موضوع "پاکستان میں ادویات اور خوشبو میں استعمال ہونے والے پودوں کے لیے پائیدار تحفظ کے طریقے" تھا۔ تقریب کے مہمان خصوصی، چیئرمین پی ا ے آر سی ، ڈاکٹر غلام محمد علی نے ماحولیاتی نظام کے توازن اور انسانی بہبود کو برقرار رکھنے میں ان پودوں کے اہم کردار پر زور دیا۔ اپنے خطاب میں، ڈاکٹر غلام محمد علی نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ کھلے ذہن، تعاون کے جذبے اور عمل کے عزم کے ساتھ سیمینار سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے ادویات اور خوشبودار پودوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ ذمہ داریوں پر بھی زور دیا۔