اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)ممبر قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام ’’تعلیمی ایمرجنسی اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم افراد کے ساتھ ساتھ معاشرے کی بڑے پیمانے پر ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ہنر مند اور تربیت یافتہ انسانی وسائل کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ کردار سازی تعلیم کی بنیادی خصوصیات میں سے ایک ہے، اس لیے تعلیمی عمل کے ذریعے طلبہ میں ایمانداری، سچائی، غیر جانبداری اور ہمدردی جیسی خوبیاں پیدا کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ تقریباً 26 ملین بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور یہ ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ ہم ان کا اندراج کریں اور انہیں تعلیم فراہم کرکے اور ہنر مندی کی نشوونما کے ذریعے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ ملک کے لیے مفید شہری بنائیں۔ ملک کی ترقی کے مقصد کے حصول اور خواندگی کی سطح کو بڑھانے کے لیے اساتذہ کی مہارت کی سطح میں بہتری بھی یکساں اہم ہے۔ محمد شہباز شریف پہلے وزیر اعظم ہیں جو خواندگی کی سطح کو بڑھانے اور اسکول سے باہر بچوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ بنانے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے سکول سے باہر بچوں کو معاشرے پر بوجھ بننے کی بجائے فائدہ مند افراد بنانے کے لیے پہل کرنے پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ان بچوں کے لیے مساجد، چیمبر ہاؤسز اور کمیونٹی ہالز میں شام کی کلاسز شروع کرنے کی اجازت دے جن کے والدین تعلیم کے اخراجات برداشت کرنے سے قاصر ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح ہم معاشرے میں ایک انقلاب برپا کر سکتے ہیں۔ خواندگی کی شرح کے ساتھ ساتھ مہارت کی ترقی ملک کیلئے انتہائی ضروری ہے۔سیمینار میں مختلف یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ممبران اور طلباء، سول سوسائٹی کے ممبران، سٹیک ہولڈرز اور ICCI کے ایگزیکٹو ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں ICCI کمیٹی برائے HEC کے کنوینر عدنان مختار، محترمہ عظمیٰ مختار اور عروج ملک شامل تھے۔