خطہ کی تعلیمی ، سماجی،معاشی ترقی کیلئے فعال کردار ادا کر رہے ہیں، ڈاکٹر سید حبیب بخاری 

Jun 02, 2024

اسلام آباد(انٹرویو: رانا فرحان اسلم)کوہسار یونیورسٹی مری کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید حبیب بخاری نے کہا ہے کہ خطہ کی تعلیمی ، سماجی اور معاشی ترقی کیلئے فعال کردار ادا کر رہے ہیں تاہم بجٹ کی قلت اور محدود وسائل کے باعث متعدد مشکلات کا سامنا ہے ۔کوہسار یونیورسٹی ملک کی واحد یونیورسٹی ہے جس کے قیام سے لیکر آج تک ڈویلپمنٹ گرانٹ نہیں ملی جبکہ ریکرینگ بجٹ سے بھی ضروریات پوری نہیں ہو پا رہی ۔یونیورسٹی کا سٹیٹ آف دی آرٹ مین کیمپس ، اکیڈمک بلاک کے قیام کیلئے 1471سو ملین روپے پی سی ون تیار کیا جو تاحال منظور نہ ہوسکا جبکہGIGاکانومی(کمپیوٹر کورسز، فری لائنسنگ) کا 348ملین روپے کا پی سی ون ا ورویسٹ مینجمنٹ ( کوڑا کرکٹ سے مرغیوں کی فیڈ سمیت دیگر کار آمد چیزیں بنانے )کا 300ملین کے پی سی ون بھی منظوری کیلئے بھجوائے گئے لیکن ان کی بھی تاحال منظوری نہیں ہو سکی ۔فیکلٹی ہائیرنگ پر پابندی کی وجہ سے کچھ پروگرامز بندہوئے تاہم یہ پابندی ختم ہونے پر پروگرامز بحال ہو گئے ہیں ۔یونیورسٹی کے قیام کے وقت پنجاب ہائوس مری ، مری بروری اور مختلف جگہوں پر 252کنال اراضی دی گئی لیکن ہماری پاس صرف42کنال پر انفراسٹکچر موجود ہے اور یونیورسٹی کا مین کیمپس اور اکیڈمک بلاک نہیں ہے، یو ایس مشن کی فنڈنگ سے بعض پراجیکٹ مکمل کیے ہیں،تاریخ میں پہلی بار مری میں ہائی رسک اور لینڈ سلائیڈنگ والے ایریاز کی میپنگ کرنے کا اعزاز کوہسار یونیورسٹی کو ملاجبکہ کوہسار یونیورسٹی نے برف باری اور ڈیزاسٹر میںسیاحوں سمیت مقامی آبادی کو سڑکیں بلاک یا بند ہونے کی صورت میں متبادل راستے بتانے کیلئے انٹرنیٹ کے بغیر استعمال ہونے والی موبائل ایپ تیار کی جس سے جہاں بھی سیاح پھنس جائیں تو اس ایپ کے تحت بغیر انٹر نیٹ متبادل راستے چیک کرکے بآسانی محفوظ مقام پر جا سکتے ہیں ۔یونیورسٹی عالمی یوم ماحولیات کیموقع پر مری کی تاریخ میں پہلی بار زیتون کے پودے لگانے کے پراجیکٹ پر کام کر یگی ،نیشنل ٹورازم پالیسی بنانے کیلئے11جون سے یونیورسٹی میں عالمی کانفرنس منعقد کر رہے ہیں جس میں چین ، نیپال ، جرمنی سمیت دیگر ملکی و غیر ملکی ماہرین شرکت کریں گے ،یونیورسٹی میں آئندہ سمسٹر سے فلسطین کے 8طلبا کو داخلے دئیے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے'' روزنامہ نوائے وقت ''کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔وائس چانسلر کوہسار یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرسید حبیب بخاری نے کہا ہے کہ کوہسار یونیورسٹی تین بنیادی کاموں پر فوکس کر رہی ہے جس میں یونیورسٹی کو عالمی معیار کا بنانے کیلئے استعداد کار کو بڑھنا ،مقامی سطح پر لوگوں کو زیور تعلیم سے آرائستہ کرنا اور خاص طور پر کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور سیاحت کو پروموٹ کرنا شامل ہے ۔مری پہاڑی علاقہ ہے اوریہاں سیاحت کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے کیونکہ سیاحت سے بہت سی روزگار جڑے ہوئے ہیں۔   

مزیدخبریں