’میرا بیٹنگ اسٹائل ایسا نہیں کہ جاتے ہی چھکے مارنا شروع کردوں‘

Jun 02, 2024 | 11:55

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ جیت کر قوم کو خوشیاں دینا چاہتا ہوں، ورلڈ کپ جیتنا ہے تو ایک ہوکر کھیلتے ہوے ہر ٹیم کو ہرانا ہوگا، صرف انڈیا کا نہیں بلکہ تمام میچ ہمارے لیے اہمیت رکھتے ہیں، ٹیم کے حالات کے حساب سے بیٹنگ کرتا ہوں، میرا بیٹنگ اسٹائل ایسا نہیں کہ جاتے ہی چھکے مارنا شروع کردوں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پوڈ کاسٹ کے خصوصی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ یہ ہم سب کی ٹیم ہے اور اس وقت ہمارا مقصد صرف ایک ہے اور وہ ہے ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنا جس کے لیے ہم سب کو ایک ہوکر کھیلنا ہوگا۔بابراعظم نے کہا کہ بحیثیت کپتان وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سیمی فائنل اور فائنل کھیل چکے ہیں اب ٹرافی جیتنا چاہتے ہیں، بھارت اور پاکستان کے میچ کی بات ہی کچھ اور ہے جس میں صرف کھلاڑی ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے شائقین میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے، یہ پریشر گیم ہوتا ہے۔

پاکستان ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اگر آپ اس میچ میں خود کو جتنا فوکس اور بنیادی باتوں پر توجہ رکھیں گے چیزیں آسان رہیں گی لیکن آئی سی سی ایونٹ میں آپ کو صرف اس ایک میچ پر توجہ نہیں دینی ہوتی بلکہ اس میں دوسری ٹیمیں بھی ہوتی ہیں اور اگر آپ کو چیمپئن بننا ہے تو تمام ٹیموں کو ہرانا پڑتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا شیڈول اچھا ہے، امریکا میں چونکہ پہلی بار یہ ایونٹ ہو رہا ہے اس لیے وہاں ڈراپ ان پچز ہونگی اور مختلف گراؤنڈز ہونگے اور مختلف ماحول ہوگا، یہ ایک نیا تجربہ اورنیا چیلنج ہوگا، کنڈیشنز کا زیادہ پتہ نہیں لیکن ہم ایونٹ سے پہلے معلومات حاصل کر کے خود کو مقابلے کے لیے تیار کرلیں گے۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ بحیثیت کپتان ان کا تیسرا ٹی 20 ورلڈ کپ ہے، ان کی کپتانی میں پاکستان ٹیم نے سیمی فائنل اور فائنل کھیل لیا، اب وہ ٹرافی جیت کر وطن واپس آنا چاہتے ہیں لیکن اس کے لیے ہمیں ہر ٹیم کے خلاف بہترین کرکٹ کھیلنی ہوگی، بدقسمتی سے پچھلے دو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں فنشنگ نہ ہونے کی وجہ سے ہم فاتح نہ بن سکے، اس بار وہ غلطیاں دہرانا نہیں چاہتے۔کپتان قومی ٹیم نے کہا کہ اس وقت ٹیم کا ماحول بہت اچھا ہے، پچھلے دنوں جو چیزیں چلتی رہی تھیں ان میں کچھ بنائی گئی تھیں، انہیں اس طرح پیش کیا گیا کہ نہ جانے کیا ہوگیا ہے، جب ایسی چیزیں ہوتی ہیں تو ہماری کوشش یہ نہیں ہوتی کہ اسے دنیا کو دکھایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ کے اپنے گھر میں بھی جب کوئی بات ہوتی ہے تو اسے پبلک میں نہیں لایا جاتا، ہماری کوشش ہوتی ہے کہ اگر کوئی مسئلہ ہے تو اسے سنا جائے اور اسے فوراً حل کیا جائے۔بابر اعظم نے اس خصوصی انٹرویو میں اپنی بیٹنگ کے بارے میں بھی تفصیلی گفتگو کی اور کہا کہ میرے اسٹرائیک ریٹ پر بہت زیادہ بات ہوتی رہی ہے، جب یہ احساس ہوا کہ اسٹرائیک ریٹ بہتر ہونا چاہیے تو اس پر کافی کام کیا۔انہوں نے کہا کہ نئے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کا بحیثیت کرکٹر اور کوچ تجربہ بہت وسیع ہے، ان کا تجربہ ٹیم کے کام آئے گا۔بابر اعظم نے اپنے پرستاروں کے نام پیغام میں مزید کہا کہ وہ ٹیم کی کامیابی کے لیے دعا کریں، ہماری طرف سے پوری کوشش ہوگی کہ ہم سو فیصد پرفارمنس دیں، آپ ٹیم کو سپورٹ کریں کیونکہ یہ آپ سب کی ٹیم ہے یہ پاکستان کی ٹیم ہے۔

مزیدخبریں