اوورسیز پاکستانیوں کو ارجنٹ پاسپورٹ 7 روز میں جاری کرنے کا حکم

Jun 02, 2024 | 12:41

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ارجنٹ پاسپورٹ 7 روز میں جاری کرنے کا حکم دے دیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن میں پاسپورٹ اور نادرا سینٹرز کا دورہ کیا اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر کا نوٹس لیا۔

محسن نقوی نے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ارجنٹ پاسپورٹ 7 روز میں جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نارمل پاسپورٹ دیار غیر میں رہنے والے پاکستانیوں کو 30 روز میں جاری ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ اس پالیسی کا اطلاق دنیا بھر میں موجود تمام پاکستانی مشنز پر ہوگا، اس وقت اوورسیز پاکستانیوں کو نارمل پاسپورٹ 4 ماہ جبکہ ارجنٹ پاسپورٹ ڈیڑھ ماہ میں مل رہا تھا، پاسپورٹ میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں، مقرر کردہ مدت کے اندر پاسپورٹ جاری نہ ہوا تو متعلقہ افسران کے خلاف ایکشن لوں گا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ کی مقررہ مدت میں فراہمی یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا، وفاقی وزیر داخلہ کی پی ایس او اے ایس پی شہر بانو مانیٹرنگ سیل کو ہیڈ کریں گی۔وفاقی وزیر داخلہ کے لندن میں پاسپورٹ اور نادرا سنٹرز کے دورے کے دوران سنٹرز میں موجود اوورسیز پاکستانیوں نے نادرا کی کارکردگی کو سراہا اور کسی نے بھی نادرا کے حوالے سے شکایت نہیں کی جس پر محسن نقوی نے نادرا سٹاف کو شاباش دی۔محسن نقوی نے پاسپورٹ اور نادرا کے عملے کی کمی کا بھی نوٹس لیا اور عملے کی کمی پوری کرنے کیلئے موثر سٹاف مینجمنٹ کا حکم دیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے پاسپورٹ اور نادرا سنٹرز کے عملے سے ملاقات کی اور اوورسیز پاکستانیوں کو پاسپورٹ متعین مدت میں جاری کرنے کی ہدایت کی، محسن نقوی سنٹرز میں موجود اوورسیز پاکستانیوں سے بھی ملے اور مسائل پوچھے۔اس موقع پر برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ تھے۔

مزیدخبریں