ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کےافتتاحی میچ میں امریکا نےکینیڈا کو 7 وکٹوں سےشکست دیدی

Jun 02, 2024 | 15:58

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے افتتاحی میچ میں امریکا نے کینیڈا کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔ تفصیلات کے مطابق ڈیلس میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں امریکا کے کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر کینیڈا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ کینیڈا نے امریکا کے خلاف شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 194 رنز اسکور کیے، نوونیت دھالیوال نے 61 رنزکی بہترین اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ نکولس کرٹن نے 51، ارون جانسن نے 23، دلپریت باجوہ نے 11 رنز بنائے جبکہ شریاس مووا 32 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ امریکا کی جانب سے علی خان، ہرمیت سنگھ اور کورے اینڈرسن نے ایک ایک وکٹ لی۔ کینیڈا کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں امریکا کی پہلی وکٹ صفر پر ہی گر گئی اور میزبان ٹیم کو دوسرا نقصان 42 رنز پر اٹھانا پڑا لیکن تیسری وکٹ کے لیے اینڈریس گوس اور ایرون جونس کے درمیان 131 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی اور گوس 46 گیندوں پر 65 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے لیکن جونس نے دھواں دھار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 40 گیندوں پر 10 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 94 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ کینیڈا کی جانب سے کلیم ثنا، نکھل دتہ اور ڈلون ہیلیگر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ شاندار بلے بازی پر ایرون جونس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ٹاس قبل ازیں ٹاس کے موقع پر امریکا کے کپتان مونانک پٹیل نے کہا کہ پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ وکٹ دیکھ کر کیا ہے، ہدف کو حاصل کریں گے، پہلی اننگ میں وکٹ بولرز کو مدد فراہم کرے گی۔ دوسری جانب کینیڈین کپتان سعدظفر نے کہا کہ وکٹ اچھی ہے، پہلے بیٹنگ کرنےمیں کوئی مسئلہ نہیں، یہ ورلڈ کپ ہے، دو طرفہ سیریز نہیں اس لیے دباؤ رہے گا، پر اعتماد ہیں ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ کینیڈا کے کپتان نے کہا کہ یہ ہمارے لیے تاریخی دن ہے، پہلی بار ٹورنامنٹ میں کھیل رہے ہیں، امید ہے جیت جائیں گے۔

مزیدخبریں