پارلیمنٹ ہاؤس کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری ہٹلر کی طرح ایوان صدر میں بکتر بند ہو کر بیٹھ گئے ہیں، انہیں باہر کا کچھ پتہ نہیں۔ پرویز مشرف اور آصف علی زرداری میں کیا فرق ہے وہ بھی اسمبلی اجلاس کے ہوتے ہوئے آرڈیننس جاری کرتے تھے۔ صدر زرداری یاد رکھیں کہ آج اس آرڈیننس کا نشانہ اپوزیشن اور وکلا ہوں گے تو کل وہ خود بھی اس قانون کا نشانہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری سرمایہ دار پارٹیوں کے ذریعے پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ کر رہے ہیں۔ ایم کیو ایم اور الطاف حسین کے حوالے سے سے ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین بہادر بنیں، وطن واپس آئیں اور مسلم لیگ پر تنقید کرنے سے پہلے سوچ لیں کہ وہ اتنے وفادار ہیں کہ پرویز مشرف کی مدت پوری کئے بغیر ہی زرداری کے پاس چلے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ قاف کی قیادت سے چار بار مزاکرات ہو چکے ہیں۔