وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ شہباز بھٹی کا قتل ایک منظم سازش ہے ،اگرسکیورٹی خامی ہوتی تووہ مستعفی ہوجاتے

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مقتول وفاقی وزیرشہباز بھٹی کو مکمل سیکورٹی فراہم کی گئی تھی ، ان کی سیکورٹی میں پندرہ گارڈ تھے جن میں سے چارشہباز بھٹی کے اپنے ایما پر مسیحی برادری سے تعلق رکھتے تھے ، اگر سیکیورٹی فراہم کرنے میں خامی ہو تو وہ استعفے دینے کے لیے تیار ہیں۔ رحمان ملک نے کہا کہ شہباز بھٹی جب بھی والدہ کے گھر جاتے تھے سیکورٹی گارڈ کو ساتھ رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ انکا اپنا ہوتا تھا ۔
وفاقی وزیرداخلہ نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران کچھ اہم شواہد ملے ہیں اور جلد ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں رحمان ملک کا کہنا تھا وزرا کو گھر اور بلٹ پروف گاڑیاں دینا ان کا نہیں کابینہ کا کام ہے وہ تمام اداروں کے انچارج نہیں ان کے خلاف پروپیگنڈہ بند ہونا چاہیے ۔ انہوں نے سیاسی اور مذہبی شخصیات سے درخواست کی کہ وہ اپنی نقل و حرکت میں احتیاط کریں ۔

ای پیپر دی نیشن