ورلڈ کپ میچ میں پاکستان نے کینیڈا کو سنسنی خیزمقابلے کے بعد چھیالیس رنزسے شکست دے دی

Mar 02, 2011 | 20:45

سفیر یاؤ جنگ
سری لنکا کے پریما داسا سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جواس کے لئے مایوس کن ثابت ہوا اور قومی ٹیم کی مضبوط بیٹنگ لائن لڑکھڑا نے سے تمام کھلاڑی ایک سو چوراسی رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ عمراکمل اڑتالیس، مصباح الحق سینتیس اورشاہد آفریدی بیس رنزبنا کرنمایاں رہے۔ کامران اکمل سولہ، احمد شہزاد بارہ، محمد حفیظ گیارہ، عبدالرزاق آٹھ اور یونس خان چھ رنز بنا سکے۔ کینیڈا کی طرف سے ایچ ایس بیدوان سب سے کامیاب باؤلررہے جنہوں نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جواب میں کینیڈا کی ٹیم ایک سو اڑتیس رنزبنا کرآؤٹ ہوگئی، یوں پاکستان نے ورلڈکپ میں لگاتارتیسری کامیابی رجسٹر کرا دی۔ کینیڈا کی طرف سے ہنسرا نے تینتالیس اور سکاری نے ستائیس رنز بنائے، قومی ٹیم کی طرف سے شاہد آفریدی نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عبدالرزاق، وہاب ریاض، سعید اجمل اورعمرگل نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پاکستانی کپتان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں اب تک سب سے زیادہ چودہ وکٹیں حاصل کرلی ہیں جس میں انہوں نے دوبارکسی میچ میں پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔
مزیدخبریں