تعلیمی شعبہ کی بہتری، طلبا و طالبات کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات کئے: شہبازشریف


لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ 5برس کے دوران شعبہ تعلیم کی بہتری اور طلبا وطالبات کی فلاح و بہبود کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ شعبہ تعلیم کی بہتری کے لئے وسائل کی فراہمی خرچہ نہیں بلکہ سودمند سرمایہ کاری ہے یہ نوجوانوں کا حق ہے جو پنجاب حکومت نے بطریق احسن انہیں دیا ہے۔ 8ارب روپے کی خطیر رقم سے لیپ ٹاپ تقسیم کئے جارہے ہیں اڑھائی ارب روپے کی لاگت سے" اجالا پروگرام" شروع کیا ہے جس کے تحت سرکاری سکولوں کے ہونہار طلبا و طالبات میں سولر پینلز میرٹ کی بنیاد پرمفت تقسیم کئے جارہے ہیں۔بلاشبہ موجودہ دور سائنس، ٹیکنالوجی اور ریسرچ کا دور ہے لیکن پاکستان سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں بہت پیچھے ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائنس اور ریسرچ میں ترقی کرکے ملک و قوم کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی تاریخی اوول گراﺅنڈ میں پنجاب بھر کے پی ایچ ڈی اور ایم فل سکالرز کو لیپ ٹاپ دینے کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج 6ہزار پی ایچ ڈی اور ایم فل سکالرزکو میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ دیئے جارہے ہیں۔ اساتذہ معاشرے کے معمار ہیں قوم کا روشن مستقبل ان کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔ لیپ ٹاپ دیکر ہم نے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کا جو عمل شروع کیا ہے اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ ان سے سائنس اور ٹیکنالوجی کے علوم میں مہارت حاصل کرکے پاکستان کو ترقی یافتہ اقوام میں لاسکتے ہیں۔ معیشت کی بہتری کے لئے سفارشات تیار کرنے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔ زرعی پیداوار میں اضافے، بجلی کے بحران کے خاتمے، قدرتی وسائل کے استعمال اور متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کے نت نئے طریقے سامنے لاسکتے ہیں۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں پاکستان ہمسایہ ممالک سے بہت پیچھے ہے۔ سائنس، ٹیکنالوجی اور ریسرچ میں ترقی نہ کی تو پاکستان اقوام عالم میں آگے نہیں بڑھ سکے گا۔ نیت نیک اور ارادے پختہ ہوں تو مشکلات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ اجتماعی سوچ اور درست سمت میں عملی اقدامات کے ذریعے تاریخ کا دھارا موڑا جاسکتا ہے۔ پاکستان کو بھیک مانگنے والے ملک کی بجائے امداد دینے والا ملک بنایا جا سکتا ہے۔ ملک کو درپیش مسائل کا حل مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ قیادت پرعزم ہو تو منزل آسان ہوجاتی ہے۔ پنجاب حکومت نے تعلیم کے میدان میں نمایاں ترقی کی ہے۔ طلبا وطالبات کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دیئے جارہے ہیں اور آج پی ایچ ڈی اور ایم فل سکالرز کو بھی لیپ ٹاپ دیکر اس سکیم میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے جو 10ارب روپے تک پہنچ چکاہے۔ اس فنڈ کے ذریعے 40ہزار سے زائد طلبا وطالبات ملکی و غیر ملکی تعلیمی اداروں میں تعلیمی سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پسماندہ علاقوں میں ایچی سن اور گرائمر سکول سے بہتر دانش سکول قائم کئے گئے ہیں۔ میڈیکل کالجز اور خواتین کی یونیورسٹیاں بنائی گئی ہیں۔ ہم نے شعبہ تعلیم کی بہتری کے لئے ابھی بہت لمبا سفر طے کرنا ہے۔وزیراعلیٰ نے پی ایچ ڈی اور ایم فل سکالرز کو لیپ ٹاپ دیئے اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خلیق الزماں اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں سینئر مشیر سینیٹر ذوالفقار علی خان کھوسہ،معاون خصوصی زعیم حسین قادری، مشیر ذکیہ شاہنواز، وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، وائس چانسلرز، پروفیسرز، ڈینزاور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی کیلئے پولیس کو مزید بہتر انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ پولیس کی تربیت اور استعدادکار بڑھانے کیلئے پانچ برس میں پیٹ کاٹ کر وسائل فراہم کئے ہیں۔ محکمہ پولیس میں افسر سے لے کر سپاہی تک بھرتی سوفیصد میرٹ پر کی گئی ہے۔ سیاسی مداخلت کو برداشت نہیں کیا۔ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ایلیٹ پولیس فورس کی کارکردگی شاندار ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں قربانیوں پر پولیس فورس کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ہم نے حکومتی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی سابق دور میں مفلوج ہونے والے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کو دوبارہ فعال کیا اور یہ ادارہ اصل حالت میں دوبارہ متحرک ہوچکا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول میں ایلیٹ فورس کی 15 ویں پاسنگ آﺅٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں رکن پنجاب اسمبلی کرنل (ر) شجاع خانزادہ، سیکرٹری داخلہ، قائم مقام انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، ڈی آئی جی ایلیٹ پولیس فورس ، کمانڈنٹ ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کے علاوہ پولیس افسروں، جوانوں اور ان کے عزیز و اقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایلیٹ پولیس فورس سنگین جرائم اور دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ بدقسمتی سے اس ادارے پر بھی دہشت گردوں نے حملہ کیا لیکن یہاں افسروں اور جوانوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنادیئے۔ ایلیٹ پولیس فورس اور پنجاب پولیس کی تاریخ فرض شناسی سے عبارت ہے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے انتہائی مو¿ثر نظام ہونا چاہیئے اس کیلئے پولیس کی تربیت اور اس کی استعدادکار بڑھانے کی اشد ضرورت ہے یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے برادر ملک ترکی کے تعاون سے پولیس افسروں کو تربیت دلائی۔ ترکی کا تعاون لائق تحسین ہے۔ پنجاب پولیس کے افسر اور جوان 10کروڑ عوام کی جان و مال کا تحفظ کر رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے 2009-10 میں پولیس کی تنخواہوں میں دوگنا اضافہ کیا جس پر سالانہ 8 ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں اور آئندہ بھی عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پنجاب حکومت پولیس کو ہرممکن وسائل فراہم کرے گی۔ انتہاپسندی اور عسکریت پسندی کے خاتمے کے بغیر ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے نہ ہی ملک کو قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کے انسٹرکٹرز کو 20 فیصد اضافی الاﺅنس دینے کا اعلان کیا۔ ایلیٹ فورس کے تربیت مکمل کرنے والے افسروں اور جوانوں کے چاق و چوبند دستے نے مارچ پاسٹ کیا اور وزیراعلیٰ کو سلامی پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے کورس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسروں اور نوجوانوں میں انعامات تقسیم کئے۔ قبل ازیں تربیت مکمل کرنے والے جوانوں نے مارشل آرٹس، فائرنگ، عمارت سے رسے کی مدد سے اترنے اور آگ سے گزرنے کے شاندار مظاہرے کئے۔ وزیراعلیٰ نے جوانوں کو شاندار پرفارمنس پر داد دی اور وزیراعلیٰ نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔ قائم مقام آئی جی نے وزیراعلیٰ کو یادگاری شیلڈ پیش کی اور سپاسنامہ پیش کیا۔
وزیراعلی / لیپ ٹاپ

ای پیپر دی نیشن