اسلام آباد + کراچی (آن لائن) ڈاکٹر عافیہ کی آج قید تنہائی میں دسویں سالگرہ ہے۔ ان کے یوم پیدائش کی مناسبت اور اظہار یکجہتی کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں، مذہبی تنظیموں، انسانی حقوق، مزدور، طلبہ تنظیموں اور صحافتی اور عوامی حلقوں کے زیر اہتمام ملک بھر میں تقریبات کا اہتمام کیا جائےگا جس میں سالگرہ کے کیک کاٹے جائیں گے، کبوتر آزاد کئے جائیں گے اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی درازی عمر کے ساتھ انکی باعزت رہائی کیلئے بھی خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ علاوہ ازیں ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں طلبہ اور اساتذہ تنظیموں کے زیر اہتمام اظہار یکجہتی کیلئے تقاریب منعقد ہوں گی۔ عافیہ موومنٹ کی سربراہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرے کے شرکاءسے خطاب میں کہا ہے کہ قوم کی بیٹی آج بھی وطن واپسی کی منتظر ہے۔ صدر پاکستان کا ایک دستخط قوم کو عزت اور غیرت بخش سکتا ہے اور ایک معصوم بیٹی کو سرزمین وطن دکھا سکتا ہے۔ حکومت قوم سے کئے وعدوں کی پاسداری کرتے ہوئے عافیہ صدیقی کو فی الفور واپس لائے۔ اس موقع پر مظاہرے کے شرکاء نے چراغ جلائے شرکاءنے بینر اٹھا رکھے تھے جن پر ”عافیہ کی دسویں سالگرہ، امریکی جیل میں“ عافیہ کو واپس لاﺅ، کے نعرے درج تھے۔