لاہور (سپورٹس رپورٹر) سنوکر کے عالمی چیمپئن محمد آصف نے پاکستان بھارت سنوکر سیریز میں پاکستان کو فیورٹ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کوروزگار کی فراہمی سے مزید ورلڈ چیمپئن پیدا کئے جاسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں سنوکر کلب کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرلاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سیکرٹری ذوالفقار مہتو، خزانچی افضال طالب،پنجاب سنوکر ایسوسی ایشن کے خزانچی عاصم مشتاق، لاہور ڈسٹرکٹ سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عظیم بٹ اورسپورٹس کمیٹی کے سیکرٹری فرخ بٹ سمیت دیگرممبران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے خلاف سیریز کیلئے پاکستان کے تمام کھلاڑی بہترین فارم میں ہیں۔ میرے نزدیک قومی ٹیم اس مقابلے کو جیتنے کیلئے فیورٹ ہو گی۔ ورلڈ چیمپئن بننے کے باوجود ابھی تک مستقل ملازمت نہیں ملی جبکہ حکومتی سطح پر ہونے والے اعلانات میں سے صرف وزیراعظم کی جانب سے انعامی رقم ملی۔ امید ہے دیگر اعلانات پر بھی جلد عمل درآمد ہو گا۔ پاکستان میں اکیڈمیز کی شدید کمی ہے صرف کراچی اور اسلام آباد میں تربیت کے مراکز موجود ہیں۔ چاروں صوبائی حکومتوں کو بڑے شہروں میں اکیڈمیاں قائم کرنی چاہیے تاکہ مستقبل میں بھی عالمی اعزازات حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ جب تک سنوکر کو کرکٹ سمیت د یگر کھیلوں کی طرح فروغ نہیں دیا جاتا تسلسل کے ساتھ کامیابیاں حاصل نہیں کی جاسکتیں جبکہ مستقل روزگار کی فراہمی سے نوجوانوں میں سنوکر کھیلنے کا شوق پیدا ہو گا۔ پاکستان میں سنوکر کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن جب تک کھلاڑی کو معاشی تحفظ حاصل نہیں ہوگاوہ بہتر کارکردگی نہیں دکھا سکے گا۔ پاکستان میں کوالیفائیڈ کوچز کا کوئی رواج نہیں مستقبل میں بہتر کھلاڑی پیدا کرنے کیلئے اس شعبہ پر توجہ دینے کی بھی ضرورت ہے۔ محمد آصف نے شاٹ کھیل کر سنوکر ٹیبل کا افتتاح کیا۔