کراچی میں حج آپریٹرز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہناتھا کہ موجودہ حکومت 16 مارچ کو اپنی مدت پوری کرلے گی اوراگر اپوزیشن راضی ہوئی توصدرمملکت الوادعی عشائیہ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے پاک ایران گیس پائپ لائن اورگوادر پورٹ کو چین کے حوالے کرنے کا اہم کام انجام دیا گیا ہے جس کے ثمرات آئندہ نسلوں کو ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ حج کرایوں میں اضافہ ڈالر اور ریال کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے ہوا ہے اور اس سال حاجیوں کے لئے حرم سے قریب بڑی عمارتیں لی جائیں گی ۔ وفاقی وزیر نے کہا موجودہ حکومت کی جانب سے پانچ سال میں چھ حج پالیسیوں کا اعلان کیا گیا جبکہ سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ پہلی حج میٹنگ کی جائے گی ۔ سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حج آپریٹرز کو پہلے سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائینگی جبکہ سرکاری اور پرائیوٹ ایئرلائنز کے کرایوں کو یکساں رکھا جائے گا ۔