لاہور+ حافظ آباد ( سٹاف رپورٹر +این این آئی+ نمائندہ نوائے وقت) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ جمشید دستی نے پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر سنگین الزامات لگائے گئے ہیں لیکن وہ سستی شہرت کے لئے سکینڈلز بناتے رہتے ہیں اور میڈیا مجھ سے بہتر جانتا ہے، شواہد پیش کرنے کیلئے جمشید دستی کو خط لکھ دیا ہے اگر ثبوت فراہم کئے گئے تو سخت ایکشن لوں گا اور اگر وہ ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے تو انکے خلاف فیصلہ ایوان کرے گا، کل (پیر ) سے پارلیمنٹ میںقومی سلامتی پالیسی کی دستاویز پر بحث کا آغاز ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز پنجاب یونیورسٹی ہیلے کالج آف کامرس کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب اور بعدازاں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ملک اس وقت دہشت گردی کا شکار ہے، میڈیا سستی شہرت کے بھوکوں کی خبروں کو زینت نہ بنائے ۔ارکان پارلیمنٹ پر الزامات لگانے سے پہلے جمشید دستی کواپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے تھا۔جمشید دستی کے بارے میں میڈیا بہت اچھی طرح جانتا ہے وہ گدھا گاڑی پر بیٹھ کر سستی شہرت حاصل کرنے والے آدمی ہیں جبکہ وہ پارلیمنٹ میں لینڈ کروزر پر بیٹھ کر آتے ہیں۔ لاجز سے نکلنے یا داخل ہونے والی خواتین کسی کی بہن، بیٹی یا بیوی بھی ہو سکتی ہیں، جمشید دستی سب کو ایک صف میں شامل نہ کریں، انہیں اگر کسی کے خلاف شکایت تھی تو وہ نام لے کر ثبوتوں کے ساتھ بتاتے۔ سردار صادق ایاز کا کہنا تھا کہ کوئی بھی رکن پارلیمنٹ اپنے کمرے میں کیا کچھ کرتا ہے اس سے انہیں کوئی سروکار نہیں نہ ہی وہ کوئی کارروائی کریں گے البتہ کمرے سے باہر اگر کوئی غیر اخلاقی حرکات میں ملوث پایا گیا تو وہ یقین دلاتے ہیں کہ کارروائی ضرور کریں گے تاہم اس سلسلے میں ارکان پارلیمنٹ کا میڈیکل ٹیسٹ نہیں کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمشید دستی کو ثبوت پیش کرنے کے لئے گزشتہ روزنوٹس مل چکا ہے لیکن وہ ابھی تک ان کے پاس نہیں آئے، اگر جمشید دستی نہ آئے تو مزید 2 نوٹسز بھیجے جائیں گے اس کے بعد ایوان خود فیصلہ کرے گا۔ ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہیلی کالج میں پڑھنے کے دوران وہ والد صاحب کے ساتھ کام بھی کرتے تھے، پڑھائی میں درمیانے درجے کے طالبعلم تھے مگر بہترین کھلاڑی تھے اور کرکٹ اور بیڈ منٹن کھیلنے کا بہت شوق تھا اسی لئے ان کی گگلی نے عمران خان کو کلین بولڈ کر دیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے سندس فائونڈیشن کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت 18لاکھ لوگ تھیلیسیما اور بلڈ کینسر میں مبتلا ہیں ،ایسے امراض کی روک تھام کیلئے شادی سے قبل ٹیسٹ کرانے کو لازمی قرار دینے کیلئے اسمبلی سے قانون پاس کرایا جائے گا۔ دریں اثناء حافظ آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اُمور کشمیر برجیس طاہر نے کہا ہے کہ جمشید دستی نے غیر مہذب بیان دے کر جہاں ایوان کی توہین کی ہے تو وہاں انہوںنے اپنے ساتھ بھی بہت زیادتی کی ہے جس پر ہمیں ان پر افسوس ہے۔ ہر مکتبہ فکر میں اچھے اور برے لوگ بھی ہوتے ہیں کسی ایک کے بدلے سب پر الزام نہیں لگایا جا سکتا۔ جمشید دستی کو اگر کوئی اعتراض تھا تو وہ سپیکر اسمبلی یا وزیر داخلہ سے بات کرتے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمینٹ لاجز میں تین سو سے زائد معزز اراکین رہائش پذیر ہیں۔ سب کے بارے ایک ہی رائے قائم کرنا مناسب نہیں۔