خیبر ایجنسی+ کوئٹہ (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں پولیو ٹیموں پر 2 بم حملے کئے گئے جس میں 13 خاصہ دار اہلکار جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ بلوچستان کے علاقے قلات میں ایف سی قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا گیا جس سے 3 اہلکار جاں بحق 6 زخمی ہوگئے۔ سوئی میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 15 شدت پسند مارے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ خیبر ایجنسی میں جمرود کے علاقے لاشورہ میں انسداد پولیو مہم کے دوران رضاکاروں کی سکیورٹی پر مامور خاصہ دار فورس اور لائن آفیسرز کی گاڑیوں کے قریب یکے بعد دیگرے 2 بم دھماکے ہوئے، جس کے نتیجے میں خاصہ دار اہلکاروں سمیت 17 افراد زخمی ہوگئے، 13 اہلکار اور ایک بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ زخمیوں میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں انسداد پولیو مہم معطل کرکے سکیورٹی کو انتہائی سخت کردیا گیا ہے۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق دھماکوں کی آواز در دور تک سنی گئی اور دھماکوں میں خاصہ دار فورسز کی 2 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ خاصہ دار فورس کے اہلکار انسداد پولیو ٹیموں کو قافلے کی صورت میں لیکر جارہے تھے کہ اس دوران ان کی گاڑیوں کو سڑک کے کنارے بم حملے سے نشانہ بنایا گیا۔ اہلکار کے مطابق پہلے دھماکے کی اطلاع ملتے ہی خاصہ دار فورس کی ایک اور گاڑی امداد کیلئے جب جائے وقوعہ کے قریب پہنچی تو اس دوران ایک اور دھماکہ ہوا۔ مرنیوالوں میں باڑہ اور جمرود تحصیلوں کے لائن افسر بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب ایف سی ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز کا قافلہ کوئٹہ کے ضلع واشک سے فرنٹیئر پوسٹ کی طرف جارہا تھا کہ سوراب کی قریبی پہاڑیوں سے شدت پسندوں نے سکیورٹی فورسز کے قافلے کو بم سے نشانہ بنایا اور اس کے بعد اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں تین اہلکار موقع پر جاں بحق جبکہ 6 شدید زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں ایف سی کے قافلے پر شدت پسندوں نے حملہ کر دیا۔ جھڑپ میں 10 حملہ آور مارے گئے۔ سوئی میں ایف سی کے اہلکاروں نے آپریشن کے دوران گیس پائپ لائنوں کو دھماکوں سے اڑانے والے 5 شدت پسندوں کو گرفتار کرلیا تاہم واپس جاتے ہوئے بڑے نالے کے قریب شدت پسندوں نے ایف سی کے قافلے پر حملہ کردیا جس پر فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 6 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔ ترجمان ایف سی نے کہا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔ صدر ممنون حسین، وزیراعظم، عمران خان، منور حسن، الطاف حسین اور دیگر نے خیبر ایجنسی اور قلات میں بم حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ ادھر بی بی سی کو بلوچ ری پبلکن پارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ سوئی کے گرد و نواح میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس آپریشن میں تین خواتین سمیت چودہ افراد کو ہلاک کیا گیا ہے۔ تربت میں ایرانی سرحدی محافظوں کی تلاش کے لئے ایف سی کی سرچ آپریشن 11 غیر ملکی بازیاب کرا لئے گئے، ان میں 8 ایرانی، 2 تنزانیہ کے اور ایک یمنی باشندہ ہے۔ خیبر ایجنسی میں سرچ آپریشن میں 20 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ زیرحراست افراد سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ شبقدرو میں پولیس اور سکیورٹی وفرسز نے مشترکہ سرچ آپریشن کر کے 20 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔