لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش سوات‘ چترال شانگلہ اور بٹگرام میں برفباری‘ سردی دوبارہ بڑھ گئی

Mar 02, 2014

لاہور + سوات (آئی این پی + اے این این) لاہور اور گرد و نواح میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری سے سردی میں دوبارہ اضافہ ہو گیا۔گذشتہ روز لاہور کے مختلف علاقوں اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش ہوئی جبکہ چترال‘ شانگلہ اور بٹگرام کے علاقوں میں پھر سے برفباری شروع ہو گئی۔ سوات کے پرفضا مقامات مالم جبہ‘ کالام‘ میاندم‘ بحرین‘ مدین کے پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا۔ مینگورہ شہر میں بارش کی وجہ سے بجلی اور سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ ہو چکا ہے‘ اسی طرح چترال کے پہاڑی کے علاقے‘ ضلع شانگلہ کے مختلف علاقوں میں گذشتہ روز سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس سے بشام شہر کے پہاڑوں سمیت ضلع بھر کے پہاڑوں نے ایک بار پھر برف کی سفید چادر اوڑھ لی جبکہ بارشوں اور برفباری سے علاقہ مزید سرد ہو گیا ہے۔مزید برآں آئندہ چند دنوںکے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مزید بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل بلوچستان میں کہیں کہیں جبکہ پیر اور منگل کو خیبر پی کے میں بیشتر مقامات پر، اسلام آباد سمیت پنجاب اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش جبکہ اس دوران پوٹھوہار کے علاقہ میں چند ایک مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے، پیر اور منگل کو مری، گلیات، مالاکنڈ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں برف باری کا امکان ہے۔ پنجاب، خیبر پی کے اور بلوچستان کے بارانی علاقوں میں اچھی بارش کی توقع ہے۔

مزیدخبریں