اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) صدر چین ژی جن پنگ کے دورہ پاکستان کی تاریخوں کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا لیکن مجوزہ دورہ کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے چینی صدر کے دورہ پاکستان کے وقت کا تعین کیا جاچکا ہے اور باہمی مشاورت سے جلد تاریخوں کا اعلان کر دیا جائیگا۔ سکیورٹی وجوہات کے سبب تاریخوں سمیت دورہ کی تفصیلات کو افشا نہیں کیا جا رہا۔ اس ذریعہ کے مطابق چین کی خواہش ہے دورہ کے شیڈول کا بیجنگ اور اسلام آباد سے بیک وقت اعلان کیا جائے چانچہ پاکستانی حکام بھی دورہ کے امور کو صیغہ راز میں رکھ رہے ہیں تاہم دورہ کی تیاریوں کے پیش نظر کہا جا سکتا ہے۔ ژی جن پنگ جلد پاکستان آنے والے ہیں۔ اس دورہ کے سلسلہ میں سکیورٹی امور، مہمان نوازی کے اقدامات پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے کیونکہ ایجنڈا کے نکات اس وقت سے طے ہیں جب صدر چین نے پہلی بار پاکستان آنا تھا لیکن اسلام آباد میں دھرنوں کے باعث یہ دورہ ملتوی کرنا پڑا تھا۔ دوطرفہ مذاکرات میں پاکستان چین معاشی کاریڈور منصوبہ کی تکمیل کے امور، سلامتی کے معاملات بطور خاص افغانستان سے امریکہ کے انخلا کے بعد کی صورتحال، دفاع و دفاعی پیدوار میں تعاون، گوادر بندرگاہ کی مزید ترقی و توسیع اور توانائی کے شعبہ میں چین کی سرمایہ کاری سمیت متعدد معاملات پر بات چیت ہو گی۔ صدر چین کا قیام اسلام آباد میں رہیگا لیکن قوی امکان ہے مہمان صدر گوادر بندرگاہ کی ترقی و توسیع اور توانائی کے ایک منصوبہ کے افتتاح کی تقریبات میں شریک ہوں گے۔ اسلام آباد میں مسلح افواج کیلئے نئے پریڈ گراﺅنڈ کی تیزی سے تکمیل کو بھی اس دورہ کی تیاریوں کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔ اسلام آباد میں توقع کی جا رہی ہے صدر چین 23 مارچ کی پریڈ میںمہمان خصوصی ہوں گے۔
چین/ دورہ