اسلام آباد (اے پی پی) انٹر نیشنل پینل آن کلائمیٹ چینجز کی 2007ءکی رپورٹ کے مطابق سال 2090ءتک سمندر کی سطح میں 8تا 16انچ تک اضافہ ہوسکتا ہے۔ جبکہ امریکا کی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز نے 2009ءمیں پیشگوئی کی تھی کہ سال 2100تک متعدد سمندروں کی سطح میں 16سے 56انچ تک اضافہ ہوسکتا ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ سطح سمندر میں اضافہ کی وجہ سے سمندر سے نچلی سطح پر واقع بہت سے جزائر شدید متاثر ہوئے ہیں اور وہاں پر مقیم افراد نے دوسرے ممالک میں ہجرت کی ہے ۔ حال ہی میں کی گئی ایک جدید تحقیق کے مطابق ہر سال سمندر کی سطح میں 3.2ملی میٹر کا اضافہ ہو رہا ہے ۔ عالمی درجہ حرارت میں اضافہ کے حوالے سے ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندروں کے درجہ حرارت میں تھوڑا سا اضافہ بھی ساحلی علاقوں اور وہاں کے ماحول کی تباہی کا سبب بن سکتا ہے ۔ انہوں اس حوالے سے عالمی سطح پر اقدامات کی ہدایت کی ہے تاکہ عالمی درجہ حرارت کو کنٹرول میں رکھا جا سکے ۔