لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ نامہ نگاران) بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کی جانب سے صوبہ بھر میں ہڑتال جاری ہے۔ ٹوبہ اور گجرات میں مظاہرے، پرسوں 4 مارچ کو ہونے والا احتجاجی مظاہرہ ملتوی کر دیا گیا۔ ہڑتال کے باعث اینٹوں کی سیل اور سپلائی بند ہونے سے تعمیراتی کام ٹھپ ہو گیا اور ہزاروں مزدوربے روزگار ہونے سے فاقہ کشی پر مجبور ہو گئے۔ دوسری طرف سیکرٹری لیبر علی سرفراز نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھٹہ مالکان نے غریب بچوں ، خواتین کو بھٹوں پر یرغمال بنایا ہوا ہے۔ چائلڈ لیبر کے باعث پاکستان کی پوری دنیا میں بدنامی ہو رہی ہے۔ بھٹوں سے چائلڈ لیبر کا خاتمہ ہر صورت میں کیا جائے گا۔ بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کے صدر شعیب نیازی نے کہا ہے کہ سرکاری ترقیاتی منصوبے تعطل کا شکار ہونے سے لاگت میں بے پنا ہ اضافہ ہونے کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہوگی، ملک کی موجودہ صورت حال کی وجہ سے لاہور میں ہونے والے 4۔مارچ کا احتجاجی مظاہرہ ملتوی کر دیا ہے۔ ہڑتال کے جائزے اور آئندہ کے لائحہ عمل کے لئے 3۔مارچ کو ایگزیکٹو کونسل کا اجلا س طلب کر لیا۔ مرکزی صدر آل پاکستان بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن شعیب نیازی اور مرکزی سیکرٹری جنرل مہر عبدالحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کا بھٹوں پر بچوں سے مشقت روکنے کا قانون زمینی حقائق کے برعکس بنانے کے خلاف صوبہ بھر میں کامیاب ہڑتال ہوئی ہے۔ مہر عبدالحق نے مطالبہ کیا کہ حکومت بھٹہ مالکان پر جھوٹے مقدمات واپس لے کر چائلڈ لیبر آرڈیننس میں زمینی حقائق کے مطابق تبدیلی کر ے ورنہ بھٹہ مالکان صوبہ بھر میں احتجاجی تحریک کا جلد اعلان کر دیں گے۔ ٹوبہ سے نامہ نگار کے مطابق بھٹہ مالکان نے گرفتاریوں اور مقدمات کیخلاف ڈسٹرکٹ پریس کلب کے سامنے جھنگ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرہ کی قیادت بھٹہ خشت مالکان ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر شیخ عامر فیاض نے کی۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں اکرم، چودھری ذیشان، میاں عمران، ذکا اللہ، محمد خالد اور محمد رشید سمیت دیگر عہدیدار اور بھٹہ مالکان کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ مظاہرین نے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر شیخ عامر فیاض، چودھری ذیشان اعظم رندھاوا اور دیگر رہنمائوں نے صحافیوں کو بتایا ہم بھی بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو تعلیم دلوانا چاہتے ہیں ،مگر انہیں تعلیم دلوانے کی خاطر بھٹہ مالکان کے خلاف بلاوجہ مقدمات سرا سر زیادتی ہے۔ چائلڈ لیبر ایکٹ بھٹہ مالکان کیلئے کالا قانون ہے۔ پنجاب حکومت اسے فوری طور پر واپس لے یا پھر اس میں ترمیم کی جائے۔ ضلع گجرات کے 400سے زائد بھٹہ مالکان نے ڈی سی او آفس گجرات میں احتجاج کیا، مظاہرین نے بینرز اور پلے گارڈز اٹھا رکھے تھے۔ پولیس کی بھاری نفری بھی اس موقع پر پہنچ گئی۔
بھٹہ مالکان کی ہڑتال جاری، ٹوبہ اور گجرات میں مظاہرے، پرسوں کا احتجاج ملتوی
Mar 02, 2016