لندن (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) منی لانڈرنگ کیس کے اہم ملزم سرفراز مرچنٹ نے اپنی خاموشی توڑ دی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ایم کیو ایم کی بھارت سے فنڈنگ کی سکاٹ لینڈ یارڈ کی دستاویز سندھ کی اعلی شخصیت نے لیک کی۔ انہوں نے کہا لندن میں الطاف کے گھر سے اسلحے کی ایک نہیں کئی فہرستیں برآمد ہوئیں یہ بات سکاٹ لینڈ یارڈ نے خود مجھے بتائی تھی۔ سکاٹ لیڈ یارڈ نے مجھے اسلحے کی ایک فہرست دکھائی تھی فہرست میں قائد متحدہ الطاف کے گھر کا پتہ اور پولیس کی مہر تھی سکاٹ لینڈ یارڈ نے کہا اس جیسی کئی اور فہرستیں بھی ہیں۔ برطانوی کمپنی یورو پراپرٹی ڈویلپمنٹ میں الطاف حسین‘ انور کے شیئرز ہیں۔ پاکستانی ہونے کی وجہ سے ضمانت کی شرائط میرے لئے سخت تھیں۔ دیگر کسی کیلئے ضمانت کی شرائط سخت نہیں تھیں۔ آئی این پی کے مطابق ایم کیو ایم کی مرکزی قیادت کے قریبی دوست اور منی لانڈرنگ کے اہم ملزم سرفراز مرچنٹ نے انکشاف کیا کہ میں نے ایم کیو ایم کو ضرور ت پڑنے پر ڈھائی لاکھ پونڈ مختلف اوقات میں دیئے ، اپنے پیسوں کی واپسی کے لئے ہر ممکن قانونی راستہ اختیار کروں گا۔ میں نے لندن میں سکارٹ لینڈ یارڈ میں شکایت درج کر ا دی ہے جبکہ پاکستان میں متعلقہ حکام سے شکایت کروں گا ۔ انہوں نے کہا میں محمد انور سے بہت قریب تھا اور ان سے بہت سی باتیں بھارت سے متعلق سنتا تھا۔ میں نے 2013کے الیکشن کے وقت ایم کیو ایم کو35000پائونڈ ڈونیشن کے طور پر دیئے جبکہ ایم کیو ایم کو ڈھائی لاکھ پائونڈ مختلف اوقات میں چیک کی صورت میں دیئے۔ محمد انور نے کہا کہ پیسے سال میں لوٹا دوں گا مگر رقم نہیں ملی۔ جب میں نے پیسوں کی واپسی کا کہا تو مجھے جواب ملا آئندہ اس حوالے سے رابطہ نہ کرنا۔ سرفراز مرچنٹ نے کہا کہ مجھے حیر ت ہوتی تھی کہ دبئی سے انڈین کمپنی ایم کیو ایم کے اکائونٹ میں پیسے بھیج رہی ہے۔