نیب نے میٹرو بس منصوبے کی تحقیقات شروع کر دی

Mar 02, 2016

لاہور + اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار) نیب نے میٹرو بس منصوبے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ نیب کی کمیٹی نے انکوائری کی منظوری دی۔ میٹرو روٹ تیار کرنے والے افسروں کو نوٹسز جاری اور ٹیپا سے تمام ریکارڈ بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ تحقیقات نیب نے اسلام آباد کے افسروں کو سونپی ہے جبکہ کنٹریکٹر کا بھی تمام ریکارڈ طلب کیا گیا ہے اس کیساتھ ساتھ میٹرو بس منصوبے کی تعمیر کیلئے لینڈ ایکوزیشن کی بھی تحقیقات کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق تحقیقات فی کلومیٹر کی لاگت بہت زیادہ ہونے پر شروع کی گئی۔ ابتدائی تحقیقات میں صرف ٹیپا کے افسروں سے پوچھ گچھ کی جائیگی اور انہیں اپنا ریکارڈٖ دینے کی ہدایت کی ہے جبکہ اگلے مرحلے میں ایل ڈی اے کے افسروں کو نوٹسز جاری کئے جائیں گے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ نیب افسروں نے ماتحتوں کو میٹرو بس منصوبے کی تحقیقات جلد مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کے احکامات دئیے ہیں اور جلد از جلد متعلقہ افسروں کے بیان لینے کی ہدایت کی ہے۔ نیب ترجمان کا کہنا ہے منصوبے کی انکوائری کو جلد مکمل کر لیا جائیگا۔ علاوہ ازیں نیب نے کھچی کینال منصوبے کی تعمیر میں مبینہ کرپشن کی انکوائری مکمل کرلی ہے۔ نیب نے پراجیکٹ میں مبینہ طور پر 36 کروڑ روپے کی خوردبرد کا نوٹس میڈیا رپورٹس پر گزشتہ برس 23 اگست کو لیا تھا۔

مزیدخبریں