چکوال (اے پی پی) تربیلا ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل توقیر حیدر کو منگل کوان کے آبائی قصبہ بھٹی گوجر میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ شہید کا جسد خاکی جب گھر سے اٹھایا گیا تو ہر طرف نعرہ تکبیر اللہ اکبر کی صدائیں گونج اٹھیں۔ شہید کو سپردخاک کرنے کے بعد چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی طرف سے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ اس موقع پر شہید کرنل توقیر حیدر کے والد صوبیدار (ر) محمد اکرم نے بتایا کہ کرنل توقیر حیدر کی شہاد ت سے 10 منٹ پہلے میری ان سے ٹیلیفون پربات ہوئی تھی اور پھربعد میںان کی شہادت کی خبر آگئی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے بیٹے کی قربانی پرفخر ہے اور میرے بیٹے نے ملک کیلئے جان دی ہے۔ شہید نے اپنے سوگواروں میں2 بیٹیاں اور ایک بیٹا چھوڑا ہے۔قبل ازیں چکلالہ گیریژن میں بھی لیفٹیننٹ کرنل توقیر حیدر کی نمازجنازہ ادا کی گئی نماز جنازہ میںچیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات‘ کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنر ل ملک ظفر اقبال سمیت اعلی فوجی حکام نے شرکت کی۔
چکوال،تربیلا ہیلی کاپٹر حادثہ، شہید لیفٹیننٹ کرنل توقیر حیدر آبائی قصبہ میں سپرد خاک
Mar 02, 2016