پاکستان بنگلہ دیش آج مد مقابل بلے بازوں کو زنز بنانا ہونگے:وقار یونس

Mar 02, 2016

لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر)ایشیا کرکٹ کپ میںپاکستان آج تیسرا میچ بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔ایشیا کپ میںبلے بازوں کی طرف سے رنز نہ کرنے پر کوچ وقاریونس پریشان ہیں ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ ٹاپ آرڈر بیٹنگ نے ایک بار پھر رنز نہیں کیے۔ بنگلا دیش اور سری لنکا کے خلاف دونوں میچز اہم ہیں۔ فیصلہ نہیں کیا کہ ٹیم میں کیا تبدیلی کی جائے گی۔شعیب ملک اور عمراکمل کی بیٹنگ میں پختگی نظر آئی۔ دونوں بیٹسمین صورتحال کو اپنے حق میں بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔پاکستانی ٹیم کو دونوں میچوں میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ٹی ٹونٹی دباؤ کے بغیر کھیلنے والی کرکٹ ہے اور نہیں معلوم پاکستانی کرکٹرز کو کس بات کا خوف ہے۔محمد عامر عمدہ بائولنگ کررہے ہیں تاہم ہمیں درمیانے اوورز میں رنز کی رفتار کو روکنا ہوگا۔ آئندہ میچز میں کامیابی کیلئے بلے بازووں کو رنز بنانا ہونگے ۔ قومی بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور بھی قومی بلے بازوں سے مطمئن نظر نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ بلے باز اپنی صلاحیتوں کا بھر پور استعمال نہیں کر رہے اور دباؤ کا شکار رہتے ہیں۔ سمجھانے کے باوجود گراؤنڈ میں برعکس نظر آتے ہیں۔ یو اے ای کیخلاف کامیابی ملنے کے باوجود مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ ون ڈے کے بجائے قومی ٹیم ٹیسٹ فارمیٹ میں اچھا پرفارم کرتی ہے۔ ا ایشیا کپ میں باقی ماندہ تمام میچز بہت اہم ہیں ۔ بلے بازوں کو بھی رنز بنانا ہونگے تاکہ بائولرز کو بھی کارکردگی دکھانے کا موقع مل سکے۔بنگلہ دیشی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے ۔ مستفیض الرحمان کی جگہ ابو حیدر اور محمد مٹھن کی جگہ تمیم اقبال کو سکواڈ کا حصہ کا بنایا جاسکتا ہے۔پاکستان خرم منظور کی جگہ خالد لطیف کو شامل کرسکتا ہے ۔ پچ فاسٹ بائولرز کیلئے سازگار نہیں ہوگی تاہم اتنی نہیں جتنی پہلے میچز تھی ۔آج بارش کا بھی کوئی امکان نہیں ہے۔

مزیدخبریں