؎پبلک سیفٹی ایکٹ کا لعدم قرار دیئے جانے کے باوجود 2 نو جوان دوبارہ گرفتار ورثا کا شدید احتجاج

Mar 02, 2016

سری نگر (اے این این) مقبوضہ کشمیر میں پبلک سیفٹی ایکٹ کالعدم قرار دیئے جانے کے باوجود دو نوجوانوں کو رہائی کے بعد دوبارہ گرفتارکرلیاگیا، لواحقین کا شدید احتجاج، فی الفور رہائی کا مطالبہ، پیر باسط احمد اور عادل احمد نامی دو نوجوانوں کو پولیس نے پتھرائو کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق پیر باسط کے خلاف ایف آئی آر درج کی اور اس پر ضلع مجسٹریٹ بارہمولہ کی جانب سے پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کیاگیا اور بعدازاں کپواڑہ سب جیل میں قید رکھا گیا۔ تاہم گھر والوں کے مطابق 24فروری کو ہائیکورٹ نے رہائی آڈر نمبر 5745 کے تحت اس کو منسوخ کر کے باسط کی رہائی کے احکامات صادر کئے، تاہم پولیس کے ایک دستے نے باسط کو پھر پولیس سٹیشن کے باہر سے گرفتار کر لیا ۔ باسط کے والد پیر غلام محمد نے بتایا کہ حکام کی جانب سے میرے بیٹے کی دوبارہ گرفتاری سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اس پر ایک اور پی ایس اے لگایا جائے گا ، اس اقدام سے میرے بیٹے کی معمول کی تعلیم متاثر ہوجائے گئی اور وہ اس سے کافی متاثر ہو گا۔ دوسرے ایک نوجوان عادل احمد گوجری، جسے پی ایس اے کے تحت ادھم پور جیل میں قید رکھا گیا تھا کو پھر ایک بار جیل احاطے سے باہر دوبارہ گرفتار کیا گیا جس سے اس کے لواحقین میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ عادل کی والدہ کا کہنا ہے کہ ہم غریب ہیں اور اپنے بیٹے کی گرفتاری کے بعد ہم نے سب کچھ فروخت کر دیا ہے۔ دوسری جانب چیئرمین حریت کانفرنس سید علی گیلانی نے نوجوانوں کی گرفتاری پر مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی پر زور دیا ہے۔ گیلانی نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کی سرگرمیوں پر مکمل طور پابندی لگادی ہے اور ریاست کو ایک بڑے جیل خانے میں تبدیل کردیا گیا ہے، جہاں لوگوں کے سانس لینے پر بھی پہرے بٹھادئے گئے ہیں۔ گیلانی نے حقوق بشر کے لئے سرگرم اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا نوٹس لیں اور نظربندوں کی رہائی کے لئے اپنے اثرورسوخ کو استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی آزادی کا دشمن نہیں ہے۔ بھارت کا فیصلہ ناقابل قبول ہے۔ آئی این پی کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں این ایف ایس اے کے نفاذ کے خلاف کشمیری سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کرتے ہوئے سری نگر جموں قومی شاہراہ کو بلاک کردیا جس سے گاڑیوں کی آمدرفت معطل ہوگئی ،دوسری جانب قابض بھارتی فوج نے سینئر حریت لیڈر سمیت 3 افرادکو گرفتار کرلیا جبہ شبیر شاہ اور نعیم خان بدستور نظر بند ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق پلوامہ کے درنگہ بل پانپور میں لوگ این ایف ایس اے کے نفاذ کے خلاف قومی شاہراہ پر نکل آئے۔ بھارتی فوج نے حریت رہنما راجہ معراج الدین سمیت 3افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ گروپ کے جنرل سکریٹری شبیر احمد شاہ اور صوبائی صدر نعیم احمد خان کی آزادانہ نقل وحرکت پر پابندیاں بدستور جاری ہیں۔

مزیدخبریں