سپریم کورٹ: اوورسیز پاکستانیوں سے شناختی کارڈ کیلئے زائد فیس وصولی پر نادرا سے تحریری جواب طلب

Mar 02, 2017

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) سپریم کورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے شناختی کارڈ کے اجرا پر زیادہ فیس وصول کرنے پر نادرا سے تحریری جواب طلب کرلیا۔ سپریم کورٹ میں اوورسیز پاکستانیوں سے شناختی کارڈ اجرا پر زیادہ فیس وصول کرنے سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ چیف جسٹس کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا بتایا جائے اووسیز پاکستانیوں کے کارڈ کے اجرا و منسوخی پر قیمتوں کا تعین کیسے ہوتا ہے ؟ پاکستان میں رہنے والوں سے 16 ڈالر جبکہ یورپ میں مقیم پاکستانیوں سے ایگزیکٹو کارڈ پر 100 ڈالر وصول کیے جاتے ہیں جواب دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کارڈ اجرا اور منسوخی کی قیمتوں کا رات کو خیال نہیں آجاتا کہ کیا چارجز وصول کرنے ہیں، قیمتوں کے تعین کا کوئی ورکنگ پیپر تو بنایا ہوگا جس پر چئیرمین نادرا نے بتایا کہ کارڈ کے اجرا اور منسوخی کی قیمتیں 2012ء سے تبدیل نہیں ہوئیں اور یورپ میں مقیم پاکستانیوں سے نارمل کارڈ پر 72 ، ارجنٹ پر 83 اور ایگزیکٹو کارڈ پر 100 ڈالر وصول کیے جاتے ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ بظاہر دیکھنے میں یہ معاملہ امتیازی لگتا ہے۔ عدالت نے نادرا سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں