اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کی ضرورت امن و امان اور ترقی ہے، محاذ آرائی اور افراتفری نہیں، سیاست دلیل اور عوامی خدمت سے کی جاتی ہے دشنام طرازی، گالی گلوچ اور ہیجان انگیزی سے نہیں، پارٹیاں تبدیل کرنے والے اچھے سیاسی اور جمہوری اصولوں کےلئے زہر قاتل ہیں، عزت عہدے سے نہیں کردار سے ہوتی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں حکومت کرنا مشکل ترین کام ہے، جہاں ایک طرف مسائل کا انبار ہے وہاں دوسری طرف عوامی توقعات ہیں مگر اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مسلم لیگ (ن) عوام سے کئے وعدے پورے کر رہی ہے۔ جنہوں نے اس ملک اور عوام کےلئے کچھ نہیں کیا اور اپنے دور حکومت میں نااہلی کی مثالیں قائم کی وہ الزام تراشیوں اور بہتان بازی کا سہارا لے کر اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی جتنا جھوٹ بولے گا ہم اتنا سچ بولیں گے اور فیصلہ عوام کریں گے۔ وہ سیاست کو بطور تجارت یا اپنی ذاتی تجوریاں بھرنے کےلئے نہیں بلکہ عوامی خدمت سمجھ کر کرتے ہیں۔
نثار