عمران بال ٹھاکرے کے چھوٹے بھائی بھارت بھجوا دینا چاہئے: عابد شیر علی

ملتان (آئی این پی) وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان بال ٹھاکرے کے چھوٹے بھائی ہیں اور بال ٹھاکرے کی زبان بولنے والے کو بھارت بھجوا دینا چاہیے، چیئرمین تحریک انصاف نے پختونوں اور پنجابیوں کو لڑانے کی کوشش کی، جوکام بھارت نہیں کرسکا وہ عمران خان نے کردیا، عمران خان نہ صرف دہشت گردوں کے سب سے بڑے سہولت کار ہیں بلکہ یہ اسلام آباد میں دہشت گردوں کا دفتر بھی قائم کرنا چاہتے تھے۔ شاہ محمود ڈبل شاہ اور جہانگیر ترین قوم کے ڈاکو ہیں، ملتوی خان کی باتیں اب نہیں چلیں گی، پاناما سے سرخرو ہوکر گلی گلی کرکٹ کھیلیں گے، تنقید کرنے والے پہلے کرپشن کا حساب دیں، مولا بخش چانڈیو کو کراچی کی صفائی کا ٹھیکہ دینا چاہیے۔ بدھ کو ملتان میں میپکو ہیڈکوارٹر میں میڈیا سے گفتگو کر کے دوران عابد شیر علی سیاسی مخالفین پر برس پڑے، عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ پاناما کیس میں ہمارے قائدین نے تین پشتوں کا حساب دیا، مخدوموں کے ڈبل شاہ کو بھی اب حساب دینا ہوگا، شاہ محمود بتائیں دربار سے ملنے والے کروڑوں روپے سے کتنی بیواؤں کے سر پر ہاتھ رکھا، جہانگیر ترین ڈاکو ہے اور اس کا منشی عمران خان ہے، جہانگیر ترین نے کسانوں کا مال کھایا اور استحصال کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے ضلعی سینئر نائب صدر عبدالرحمن فری، سہیل فراز اور اعلیٰ میپکو حکام بھی موجود تھے۔ عابد شیر علی کا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب میں پختونوں کے ساتھ ظلم کے بیان پر عمران خان کو شرم آنی چاہئے، بال ٹھاکرے کی زبان بولنے والے کو بھارت بھجوا دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان گوجرانوالہ میں اشتہاری ہیں، پولیس اب عمران خان کو ہتھکڑی لگا کر عدالت لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایان علی ڈالرز کے ساتھ پکڑی گئی، چارٹر جہاز میں چلی گئی، قوم دیکھتی رہ گئی۔ انہوں نے چئیرمین پیپلزپارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول صاحب، چانڈیو کو کراچی صاف کرنے کا ٹھیکہ دے دیں، چانڈیو صاحب پہلے شہر کو صاف کریں اور کرپشن کا حساب دیں پھر تنقید کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے قوم سے جووعدہ کیا تھا، اس کی تکمیل کا وقت آگیا، رمضان سے قبل قوم بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مکمل خاتمے کی نوید سنے گی۔

ای پیپر دی نیشن