جانوروں کا غیرقانونی طور پر ذبیحہ کرنے والے افراد کے خلاف فوری کارروائی کریں

Mar 02, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے ہدایت کی ہے کہ محکمہ ویٹرنری سروسز کی چھاپہ مار ٹیمیں جانوروں کا غیرقانونی طور پر ذبیحہ کرنے والے افراد کے خلاف فوری کارروائی کریں اور اس عمل کو روکنے کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں اور کے ایم سی کے ذبیحہ خانوں میں اس بات کا بھی خیال رکھا جائے کہ بیمار، منہ اور کھراور دیگر بیماری میں مبتلا جانوروں کو ذبح نہ کرنے دیا جائے اور شہریوں کو جو گوشت فراہم کیا جائے وہ حفظان صحت کے عین مطابق ہو، میئر کراچی کی ہدایت کی روشنی میں محکمہ ویٹرنری سروسز نے جانوروں کو غیر قانونی ذبح کرنے والے اور گوشت فروخت کرنے والے تمام افراد کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور غیرقانونی ذبیحہ فوری بند کردیں، محکمہ ویٹرنری سروسز نے ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میں قصابان گوشت کی خرید و فروخت کا کاروبار کرنے والے حضرات کو آگاہ کیا گیا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی حدود میں غیرقانونی طورپر جانوروں کا ذبح کرنا خلاف قانون ہے اگر کوئی ایسا کرے گا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، نوٹس میں اس بات کی بھی تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ اپنی دکانوں اور اسٹوریج وغیرہ کو صاف ستھرا رکھیں ، مکھیوں سے گوشت کو محفوظ رکھیں اور کے ایم سی کا جاری کردہ لائسنس دکانوں پر واضح طور پر آویزاں کریں، غیرقانونی اقدامات اور خلاف ورزی کرنے والے قصابان اور دکانداروں کو Animal Slaughter Control Act 1963 اور لوکل گورنمنٹ ایکٹ2013 کے تحت محکمہ ویٹرنری سزا دے سکتا ہے۔

مزیدخبریں