سرینگر(اے این این ‘ نیٹ نیوز ) مقبوضہ کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن میں بھارتی فوج نے ایک اور نوجوان کو مجاہد قرار دے کر شہید کر دیا ہے جبکہ ہندواڑہ میں فوجی گاڑی الٹنے سے افسر سمیت 9اہلکار زخمی ہو گئے ،ترال میں نوجوان کو گولی مار دی گئی،اترسو میں بارودی شیل پھٹنے سے 2کم عمر لڑکے زخمی، جنگجوﺅں کی ہلاکتوں پر ترال اور حاجن علاقوں میں ہڑتال،انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی بندرہی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح بانڈی پورہ میں بھارتی فوج نے ایک اور نوجوان کو مجاہد قرار دے کر شہید کر دیا ہے ۔بھارتی فوج کے مطابق بانڈی پورہ کے علاقے حاجن میں مجاہدین کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے کو محاصرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا گیا ۔آپریشن کے دوران فورسز نے مکان کو نشانہ بنایا۔جوابی کارروائی میں ایک نوجوان شہید ہو گیا ہے ۔ اس کی شناخت نہیں ہوسکی۔فورسز کے مطابق مارا جانے والا ممکنہ طور پر پاکستانی شہری ہے۔فورسز کے مطابق کارروائی کے دوران لوگوں کی بڑی تعداد نے احتجاج کیا اور بھارتی فورسز پر شدید پتھراو¿ کیا گیا۔اس دوران فورسز اور مقامی لوگوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں ۔دوسری جانب مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارتی فورسز نے نوجوان جو جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا ہے ۔زیر حراست نوجوان کو علاقے میں لاکر مقابلے کا ڈرامہ رچایا گیا ہے ۔بھارتی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے ۔ادھر ترال میں نا معلوم بندوق برداروں نے ایک مقامی نوجوان اعجاز شاہ کو گولی مار کر قتل کردیا۔ادھرزیر حراست جنگجو کی ہلاکت کے خلاف تیسرے روز بھی قصبے میں مکمل ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح مفلوج رہی ۔ قصبے میں تمام طرح کے کارو باری ادارے مکمل بند رہے ۔ دوسری جانب کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے نئی دہلی میںوزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات کی۔ جس میں وزیر اعلی نے وزیر اعظم کو ریاست جموں وکشمیر کی مجموعی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے وزیر اعظم سے کہا جموں وکشمیر کے عوام پچھلی کئی دہائیوں کے نامساعد حالات سے بری طرح سے متاثر ہورہے ہیں۔وزیر اعلی نے کہا وقت کی ضرورت ہے تشدد اور غیر یقینیت کے تناﺅ کو کم کیا جائے اور افہام و تفہیم کے راستے کو اپنایا جائے۔کل جماعتی حریت کانفرنس”ع“ گروپ کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے مشتاق چوہان کی ہلاکت کو مشکوک قرار دیتے ہوئے واقعہ کی غیر جانبدارانہ ذرائع سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ لاپتہ افراد کے والدین کی تنظیم (ای پی ڈی پی)نے بھارتی فورسز کی زیر حراست لاپتہ ہونے والے اپنے پیاروں کے بارے میں معلومات کی فراہمی کیلئے پریس کالونی سرینگر میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ فروری میں 1کم عمر لڑکے اور ایک لڑکی سمیت 15 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔
کشمیر