کراچی (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما وفاقی وزیر ماحولیات سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کراچی کے پی ایس 93 مسلم لیگ (ن) ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کا جوش و خروش بتا رہا ہے کہ سندھ میں آئندہ حکومت میاں محمد نوازشریف کے نامزد نمائندوں کی ہوگی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) حلقہ پی ایس 93 کراچی کی جانب سے ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر ماحولیات سینیٹر مشاہد اللہ خان تھے۔ ورکرز کنونشن سے خطاب میں سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ سندھ کے عوام کو مزید لٹیروں اور کرپٹ لوگوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔ ماضی میں سندھ کے عوام کے ساتھ بہت زیادتیاں کی گئیں۔ صوبے کے عوام کے ووٹ کی بے عزتی کی گئی۔ عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے چند لوگوں نے اپنی جائیدادیں بنائیں۔ سندھ میں جو بھی ترقی ہو رہی ہے‘ وہ تمام پاکستان مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت کے منصوبے ہیں۔ کراچی کے شہری دس سال سے بدترین ٹریفک کے مسائل کا شکار ہیں جس کے حل کیلئے گرین لائن منصوبہ میاں محمد نوازشریف کی طرف سے کراچی کے شہریوں کیلئے تحفہ ہے۔ سندھ کے رہنے والوں کو اس بات کا بھی یقین دلاتے ہیں آئندہ انتخابات میں کامیابی کے بعد سندھ کا ہر شہر‘ قصبہ اور گاﺅں لاہور اور پنجاب کے ہم پلہ بنایا جائے گا۔