لاہور+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ اے پی پی) لاہور میں بسنے والی ہندو برادری نے اپنا مذہبی تہوار "ہولی " جوش و خروش اور مذہبی رواداری سے منایا۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر اہتمام مرکزی تقریب کرشنا مندر راوی روڈمیں منعقد ہوئی۔ تقریب میں بورڈ کے سیکرٹری محمد طارق،ڈپٹی سیکرٹری شرائنز فراز عباس سمیت دیگر افسران اور اقلیتی و مذہبی رہنماﺅں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس مو قع پر سیکرٹری بورڈ محمد طارق نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رنگوں کی ہولی خوشیوں کا تہوار ہے اور ایک دوسرے پر رنگ پھینکنے سے محبت اپنائیت بڑھتی ہے ۔تقریب میں مدعو ہندو مہمانوں کو سیکرٹری بورڈ نے خصوصی تحائف پیش کیے ،کرشنا مندرمیں ہولی کی تقریب میں شرکت کے لیے آئے ہندو مرد خواتین اور بچوں نے ایک دوسرے پر رنگ پھینکے ۔ہولی کی تقریب کے موقع پر سیکورٹی سمیت دیگر تمام انتظامات کیے گئے تھے۔دریں اثناءصوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے مسلمان، سکھ، ہندو، مسیح، پارسی سمیت تمام مذاہب کے لوگ اس ملک کے شہری ہیں اور آئین پاکستان کے تحت پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات نشریات قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے ہولی کے تہوار پر ہندو برادری کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے مبارکباد کے پیغام میں انہوں نے کہا کہ روشنیوں، رنگوں، بہار کی آمد کے تہوار پر ہندو برادری کی خوشیوں پر پاکستان مسرور ہے۔ وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ ہندو برادری سمیت تمام اقلیتی برادریاں پاکستان کی ترقی، سا لمیت اور خوشحالی کیلئے گرانقدر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
ہولی