حیدرآباد میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا کر کالعدم تنظیم کے 5 افراد گرفتار کیے اور ان سے دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق حساس اداروں کی اطلاع پر ہٹری بائی پاس کے ایک مکان میں کارروائی کی گئی، جہاں سے دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق ملزمان نے جمعہ کو دہشت گردی کا منصوبہ بنایا ہوا تھا۔بارودی مواد ملنے پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا، بی ڈی ایس کے مطابق 3 تیار بموں کو ناکارہ بنایا گیا، بم روغن کی بالٹی میں تیار کئے گئے تھے، تینوں بموں میں 15 کلو بارودی مواد تھا، بموں میں نٹ بولٹ اور بال بیرنگ بھی استعمال کئے گئے تھے۔ذرائع کے مطابق مبینہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جو حیدرآباد میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے، شبہ ہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران حیدرآباد اور جامشورو میں ملنے والے بموں کے پیچھے گرفتار مبینہ دہشت گردوں کا ہاتھ ہوسکتا ہے تاہم مزید تفتیش کرنے کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔
حیدرآبا د میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام ،5 افرادگرفتار،دھماکا خیزمواد برآمد
Mar 02, 2018 | 12:25