پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے رکن بلدیو کمار سے اسمبلی رکنیت لینے کا حکم دے دیا۔ پشاور ہائیکورٹ میں جسٹس اکرام اللہ کی سربراہی میں توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے بلدیو کمار سے بطور اسمبلی رکن حلف لینے کا حکم دیا۔عدالت نے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو خبردار کیا کہ اگر بلدیو کمار سے حلف نہ لیا گیا تو سینیٹ الیکشن پر حکم امتناع جاری کیا جائے گا۔عدالت عالیہ نے بلدیو کمار کے حلف سے متعلق ایڈووکیٹ جنرل سے بھی جواب طلب کرلیا۔پاکستان تحریک انصاف کے آنجہانی رکن صوبائی اسمبلی سورن سنگھ کے قتل کے الزام میں گرفتار رکن اسمبلی بلدیو کمار کو گزشتہ دنوں اسپیکر کے پروڈکشن آرڈر پر خیبرپختونخوا اسمبلی لایا گیا جہاں انہیں اپنی رکنیت کا حلف لینا تھا۔بلدیو کمار کی اسمبلی آمد پر اپوزیشن اراکین نے شدید ہنگامہ آرائی کی جبکہ اس دوران پی ٹی آئی کے ہی رکن ارباب جہانداد نے ان پر جوتوں سے حملہ کردیا جس کے باعث بدنظمی پیدا ہونے پر بلدیو کمار سے حلف نہ لیا جاسکا۔
پشاور ہائیکورٹ کا بلدیو کمار سے اسمبلی رکنیت کا حلف لینے کا حکم
Mar 02, 2018 | 14:12