لاہور (شوبز ڈیسک)پاکستانی فنکاروں کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے بھارتی پائلٹ کو جذبہ خیرسگالی کے طور پر واپس بھارت بھجوائے جانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا جارہا ہے۔ پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں نے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے اس فیصلے نے دل جیت لیے۔گلوکار و اداکار علی ظفر نے کہا ہمیں ہمارے ملک پر فخر ہے۔ اب پوری دنیا کو پاکستان کی نئی سوچ کا گواہ ہونا چاہئے اور پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔اداکار فیصل قریشی نے کہا عمران خان مسلسل دلوں کو جیتنے میں مصروف ہیں۔گلوکار و اداکار فرحان سعید نے کہا اپنے وزیراعظم پر، اپنی آرمی پر جو امن چاہتی ہے، اپنے میڈیا پر جس نے اس پورے معاملے میں نہایت سمجھداری کا مظاہرہ کیا، اپنے لوگوں پر جنہوں نے امن کی وکالت کی ان سب پر فخر ہے۔ تاہم اس معاملے میں بھارتی میڈیا کو دیکھ کر افسوس ہوتاہے جس نے اپنے لوگوں میں اشتعال پھیلا کر جنگ کا پرچار کیا۔اداکارہ عروہ حسین نے کہ میرے ملک، میرے وزیر اعظم عمران خان اورمیری پاک آرمی نے بہت زیادہ فخر محسوس کرایا ہے، یہ دیکھ کر آج میری آنکھوں میں خوشی کے آنسو ہیں کہ ہماری پوری قوم امن کے لیے متحد ہے اور ایک ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان زندہ باد۔اداکارہ وینا ملک نے کہا جذبہ خیرسگالی کے طور پر بھارتی پائلٹ کو رہا کرنا امن کیلئے اچھا قدم ہے۔حمزہ علی عباسی نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی فیملی فوٹو شیئر کراتے ہوئے اس کے چھوٹے بچے سے مخاطب ہوتے ہوئے نہایت جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا ’’آپ کے والد سپاہی ہیں ان پر فخر کریں ہم انہیں واپس آپ کے پاس بھیج رہے ہیں، جب وہ آپ کے پاس واپس آجائیں تو آپ انہیں گلے لگاکر پوچھناکہ جنگ اور موت کی مودی کی سیاسی مہم کی کوئی اہمیت تھی؟ ان سے یہ بھی پوچھنا کہ کیا آپ کے جیسے کشمیری بچوں کو بھی اپنے والدین کے ساتھ امن سے جینے کا حق نہیں ہے؟
وزیراعظم کے بھارتی پائلٹ کوواپس بھیجنے کے فیصلے نے دل جیت لیے:فنکار برادری
Mar 02, 2019