لاہور(سپورٹس رپورٹر)سید فیصل صالح حیات ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے نائب صدر منتخب ہوگئے، اپریل کے پہلے ہفتے میں ہونے والے اے ایف سی الیکشن کیلئے جاری کی جانے والی فہرست میں ساوتھ زون سے سید فیصل صالح حیات کے مقابل کوئی امیدوار کھڑا نہیں ہوا، انتخابی مراحل مکمل ہوتے ہی ان کو عہدہ سپرد کئے جانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔ یاد رہے کے عدالتی حکم پر ہونے والے انتخابات میں سید اشفاق حسین پی ایف ایف کے صدر منتخب ہوئے، سید فیصل صالح حیات نے الیکشن میں حصہ نہیں لیا، فیفا اور ایف سی نے الیکشن کو تیسرے فریق کی مداخلت قرار دیتے ہوئے پی ایف ایف کی نومنتخب باڈی کو تسلیم نہیں کیا اور پاکستان پر معطلی کی تلوار لٹک رہی ہے، ان حالات میں سید فیصل صالح حیات کا بطور نائب صدر اے ایف سی انتخاب بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ یاد رہے کہ ایشین فٹبال کی تاریخ میں پہلی بار کسی پاکستانی کو اس سطح کا عہدہ ملا ہے۔سید فیصل صالح حیات نے انتخاب کو اپنے لئے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نہ صرف ایشیا بلکہ پاکستان میں فٹبال کے فروغ کیلئے کام کرنے کا موقع ملے گا،اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کنفیڈریشن کے بینر تلے پاکستانی کھلاڑیوں، کوچز اور ریفریز کو سہولیات کی فراہمی کیلئے زیادہ بہتر خدمات فراہم کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ایف ایف کے انتخابات کروائے جانے سے قبل 8ماہ میں پاکستان فٹبال مسلسل بہتری کی جانب گامزن رہا اس سلسلہ کو ختم کر دیا گیا جس سے ریورس گیئر لگ گیا،ملک میں اس کھیل کے فروغ کیلئے ضروری ہے کہ فیفا اور عالمی باڈیز کے چارٹر کا خیال رکھتے ہوئے معاملات کو چلنے دیا جائے، اگرایسا نہ ہوا تو پاکستان ایشیائی ممالک میں مزید پیچھے چلا جائے گا، پاکستان کے سافٹ امیج کیلئے بھی ضروری ہے کہ عالمی تنظیموں کے قوانین کی پاسداری کی جائے۔
سید فیصل صالح حیات ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے نائب صدر منتخب
Mar 02, 2019