لاہور،اسلام آباد، دہلی(نیوزرپورٹر،سٹاف رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ)پاکستان نے کشیدگی ختم کرنے کیلئے اقدامات تیز کرتے ہوئے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پرگرفتار بھارتی پائلٹ کو رہا کردیا ، گزشتہ روز بھارتی پائلٹ کو واہگہ بارڈر پہنچا دیا گیا دفترخارجہ کا سٹاف بھی لاہور موجود رہا۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ونگ کمانڈر ابھی نندن کی رہائی کے اعلان کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے ۔ بھارتی ائیر اتاشی جے ٹی کریاں وطن واپسی کے وقت ابھی نندن کے ہمراہ موجود تھے ۔اس موقع پر واہگہ بارڈر پر پنجاب رینجرز کے خصوصی کمانڈوز تعینات کئے گئے ۔ ذرائع کے مطابق ونگ کمانڈر ابھی نندن کی رہائی اور روانگی سے متعلق بھارتی ہائی کمیشن کا عملہ اور ایئر اتاشی گروپ کیپٹن جے ٹی کریاں سفری دستاویزات کے ساتھ لاہور میں موجود رہا۔ گروپ کیپٹن جے ٹی کریاں وطن واپسی کے موقع پر ابھی نندن کے ہمراہ روانہ ہوئے واضح رہے کہ 27 فروری کو بھارت کی جانب سے ایک بار پھر فضائی حدود کی خلاف ورزی پر پاکستان نے دو بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا، اور ایک پائلٹ کو گرفتار کرلیا تھا، جسے جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کیا گیا۔ اس موقع پر انتہائی سخت سیکورٹی اقدامات کیے گئے اور جلو موڑ سے واہگہ بارڈر تک مختلف مقامات پر سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ۔ بھارتی حکومت نے شرمندگی سے بچنے کے لئے سرحد پر اپنی جانب پریڈ اور پرچم اتارنے کی تقریب منسوخ کردی پاکستان میں یہ تقریب معمول کے مطابق ہوئی ۔بھارتی پائلٹ حوالگی کے وقت دونوں ملکوں کے حکام کے علاوہ پاکستان اور بھارت کا میڈیا بھی موجود تھا۔بھارتی پائلٹ ابھی نندن نے رہائی سے قبل ویڈیو بیان میں کہا کہ ‘میرا نام ونگ کمانڈر ابھی نندن ہے اور میں ٹارگٹ ڈھونڈنے کی کوشش کررہا تھا کہ پاکستانی ائر فورس نے میرا جہاز گرایا۔ اس کے بعد مجھے اپنا جہاز چھوڑنا پڑا جو ٹوٹ گیا تھا’۔ ان کا کہنا تھا کہ 'جیسے ہی میں نے پیرا شوٹ کھولا اور جب میں نیچے گرا تو میرے پاس پستول تھی اور لوگ بہت زیادہ تھے اور میں نے اپنے بچائو کے لیے پستول گرایا اور میں نے بھاگنے کی کوشش کی'۔ انہوں نے کہا کہ انڈین میڈیا آگ لگاتا ہے اور لوگ بہکاوے میں آجاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فوج پروفیشنل ہے اور پاکستانی فوج کے دو جوان اور کپتان تھے جنہوں نے مجھے بچایا۔ اس پائلٹ کے بیان سے اس بھارتی پروپیگنڈے کا توڑ کیا جس میں کہا جا رہا تھا کہ ابھی نندن نے ایک ایف سولہ کو تباہ کیا جس کے بعد اس کا طیارہ ہٹ ہو گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے بھارتی پائلٹ سے قید کے دوران اچھا اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق رویہ اختیار کیا گیا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ویلکم ہوم ونگ کمانڈر ابھی نندن، قوم کو تمہاری مثالی جرات پر فخر ہے، ہماری مسلح افواج 130کروڑ بھارتیوں کے لئے ایک مثال ہیں۔