پولیس کو غیر سیاسی، سابق حکومت کی کرپشن بے نقاب کرنیکا فیصلہ امن کیلئے عملی اقدامات کئے : وزیراعطم

لاہور(نیوز رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے۔ وزیر اعظم کا استقبال عثمان بزدار نے کیا۔ وزیراعظم کی ایوان وزیراعلی آمد پر، جہانگیر ترین اور شفقت محمود بھی ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نے پنجاب کابینہ کے اجلاس سے خطاب کیا اور کابینہ ارکان کو پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت امن و امان اور سیکورٹی صورتحال پر ایک اہم اجلاس بھی ہوا۔ دریں اثناء وزیراعظم کو سانحہ ساہیوال کی جے آئی ٹی رپورٹ اور تحقیقات میں پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے وزیراعظم کو پنجاب حکومت کی جانب سے شروع کیے جانے والے مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی ۔ عمران خان کی وزیر اعلی پنجاب سے علیحدہ ملاقات میں صوبے کے انتظامی معاملات اور سیاسی امور پرتبادلہ خیال کیا گیا، عمران خان نے وزیر اعلی کو کو پنجاب بھر کے بڑے شہروں میں زرعی اراضی پر ہائوسنگ سکیمیں نہ بنا نے کی ہدایت کردی جب کہ رقبے کے زیادہ استعمال کو روکنے کے لئے بھی نئی حکمت عملی کی منظوری دے دی۔وزیراعظم نے کہاکہ فیصلے کا مقصد رقبے کا کم استعمال عمل میں لانا ہے اور زمین پر پھیلاؤ کی بجائے بلند و بالا عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔صوبائی کابینہ نے بھارتی جارحیت کے جواب میں وزیراعظم کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی تائید کی اور خطے میں امن کے قیام کے لئے وزیراعظم کاوشوں کو سراہا ،عمران خان نے سانحہ ساہیوال کی جے آئی ٹی رپورٹ پر اظہار اطمینان کیا اور رپورٹ کے تناظر میں اقدامات کاحکم دیا ، وزیراعظم نے کہا کہ تحقیقات کی روشنی میں کارروائی کو آگے بڑھایا جائے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں پولیس کو غیر سیاسی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پولیس میں میرٹ پر تقرریاں ہوں گی، کرپشن کی شکایت برداشت نہیں کی جائے گی، اجلاس میں سابق حکومت کی شاہ خرچیاں اور ناقص منصوبہ بندی کو منظر عام پر لانے کا فیصلہ کیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ گزشتہ حکومت کی کرپشن کو بھی بے نقاب کیا جائے پنجاب کابینہ نے کہا کہ صوبے کو غلط منصوبہ بندی سے 12سو ارب کا مقروض کیا گیا وزیراعظم نے پنجاب کابینہ کو ایک ٹیم کے طور پر کام کرنے کی ہدایت کی۔ عمران خا ن سے لاہور ڈویلمپنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین شیخ محمد عمران نے ملاقات کی اور انہیں ایل ڈی اے کی کارکردگی، منصوبوں اور ترقیاتی اہداف سے آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ ایل ڈی اے کو کارپوریٹ انداز میں چلانے کے لئے جامع اصلاحات کی جائیں گی، شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لئے جلد ہی انصاف ڈیسک کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کسٹمر کیئر کا کلچر متعارف کرایا جائے گا۔ عمران خان کابینہ سے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ ہم نے امن کے لئے کوششیں کیں پاکستان نے امن کے لئے ناصرف آواز بلند کی بلکہ عملی اقدامات بھی کئے۔وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سال 2019ء کیلئے گندم کی خریداری کے حوالے سے منصوبہ بندی کا اجلاس ہوا ۔ عمران خان نے کہا کہ اللہ کے کرم سے اس دفعہ بہت اچھی بارشیں ہوئی ہیں جس کی وجہ سے بہت اچھی گندم کی فصل کی امید ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح چھوٹے کسان کے مفاد کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت ہماری معیشت کیلئے بہت اہم حیثیت رکھتی ہے،خریداری کا عمل شفاف ہونا چاہئے۔ عمران خان کے تمام وزراء کو اپنے حلقوں میں سرکاری ہسپتالوں میں صفائی اور سہولیات کے میعار کو بہتر کرنے کیلئے دورے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا نظریہ عوام کی خدمت ہے جس کی وجہ سے ہی ہمیں منتخب کیا گیا، عوامی فلاح و بہبود کو اپنا مشن بنا لیں۔

ای پیپر دی نیشن