ایشیا اوشیانا اولمپک کوالیفائنگ راونڈ‘قومی ٹیم اردن چلی گئی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کی چار رکنی باکسنگ ٹیم ایشیا اوشیانا اولمپک کوالیفائنگ راونڈ میں شرکت کیلئے اردن روانہ ہو گئی۔ کوالیفائنگ راونڈ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والوں میں محمود الحسین 75 کلو گرام کلاس میں، گل زیب 69 کلو گرام کلاس میں جبکہ محمد آصف 52 کلو گرام کلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔ پاکستان ٹیم کے ساتھ آئبا کے لیول تھری کوچ اولمپیئن ارشد حسین قومی ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے ٹیم کیساتھ ہیں۔ کوالیفائنگ راونڈ 3 سے 14 مارچ تک اردن کے شہر عمان میں منعقد ہوگا۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری ناصر ٹنگ اور پاکستان پروفیشنل باکسنگ لیگ کے شاہد خان اور عمر طور نے قومی ٹیم کو اسلام آباد سے روانہ کیا۔ سیکرٹری پاکستان باکسنگ فیڈریشن ناصر ٹنگ کا کہنا ہے کہ ہم نے اپنے کھلاڑیوں کو پاکستان میں دستیاب وسائلش کے مطابق بہترین تیاری کے مواقع فراہم کیے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے پاس اتنے وسائل نہیں تھے کہ اپنی ٹیم کو اولمپک کوالیفائنگ راونڈ میں شرکت کے لیے بھجوا سکتے تاہم گذشتہ دنوں پاکستان پروفیشنل باکسنگ لیگ حکام کے ساتھ ہونے والے معاہدہ کے نتیجہ میں ہمارے باکسرز کو میگا ایونٹ میں شرکت کا موقع مل رہا ہے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ ہمارے باکسرز ٹورنامنٹ میں اچھی سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ملک کا نام روشن کرینگے۔

ای پیپر دی نیشن