غزہ+ تل ابیب (صباح نیوز+آئی این پی )اسرائیل میں آج پارلیمانی الیکشن ہوررہے ہیں لیکن عوام تقسیم کا شکار ہو ئی ہے جس کے باعث غرب اردن سمیت کئی فلسطینی علاقے سیلکردیئے گئے ہیں۔اسرائیل میں (آج)پیر کے دن ہونے والے پارلیمانی الیکشن میں وزیر اعظم نیتن یاہو کے سیاسی اتحاد کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ وہ ایک سال کے عرصے کے دوران تیسری مرتبہ اس منصب کے لیے میدان میں اتریں گے۔ گزشتہ دو انتخابات میں ان کا اتحاد قطعی اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا تھا۔(آج) کے الیکشن کو نیتن یاہو کی پالیسیوں پر ایک عوامی ریفرنڈم کا نام بھی دیا جا رہا ہے لیکن عوامی جائزوں کے مطابق اسرائیلی ووٹر ابھی تک تقسیم کا شکار ہیں۔ اس الیکشن کے دو ہفتے بعد ہی نیتن یاہو کے خلاف بدعنوانی کے الزامات میں عدالتی کارروائی شروع ہو جائے گی۔ادھر اسرائیلی انتخابات سے قبل ہی غرب اردن سمیت کئی دوسرے فلسطینی علاقوں کو سیل کر کے شہریوں کی نقل و حرکت بند کردی گئی ۔اسرائیلی حکام کی طرف سے بتایا گیا کہ کنیسٹ کے 23 ویں عام انتخابات کے موقع پر غرب اردن کو دوسرے فلسطینی علاقوں سے ملانے والی تمام گزرگاہیں بند کردی گئیں۔ غرب اردن کی غزہ، القدس اور شمالی فلسطین سے ملانے والی تمام راہ داریوں کو انتخابات کے بعد تک بند کردیا گیا۔ادھر مقامی فلسطینی شہریوں نے کہا کہ صہیونی فوج نے غرب اردن کے تمام شہر اور اہم علاقے سیل کرد یئے ۔ شہروں میں اسرائیلی فوج کی بھاری نفری تعینات کی گئی جس نے فلسطینیوں کو ایک سے دوسرے شہر نقل وحرکت سے روک دیا ۔اسرائیلی فوج کی طرف سے دعویٰ کیا گیا کہ غرب اردن اور دوسرے فلسطینی علاقوں میں انتخابات کے موقع پرامن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ۔ تاہم فلسطینی شہریوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے نام نہاد سکیورٹی کی آڑ میں فلسطینی علاقوں کو کھلی جیل میں تبدیل کردیا ۔
اسرائیل میں الیکشن ، عوام تقسیم ، غرب اردن سمیت کئی فلسطینی علاقے سیل
Mar 02, 2020