شام : ترکی نے 2طیارے ، 2دفاعی نظام تباہ کردیئے، ہلاکتیں 74: مشن پورا کرینگے: اردگان

ادلب+استنبول+پیرس+ماسکو+انقرہ(این این آئی+شنہوا+انٹرنیشنل ڈیسک+نوائے وقت رپورٹ)ترکی نے شام کے صوبے ادلب میں آپریشن سپرنگ شیلڈ شروع کردیا۔آپریشن ترک فوجیوں کی ہلاکت کے بعد شروع کیا گیا۔ادھرترکی نے شام کے شمال مغرب میں دمشق کے دو جنگی طیاروں کو نشانہ بنا کر مار گرایا۔برطانیہ میں مقیم مانیٹر برائے سیریئن آبزرویٹری برائے ہیومن رائٹس کے مطابق دونوں سکھوئی جیٹ ایس یو24 طیارے حکومت کے زیر قبضہ علاقے میں گرے جنہیں ممکنہ طور پر ترکی کے ایف 16 طیاروں نے نشانہ بنایا۔شام کی ریاستی نیوز ایجنسی صنعا کے مطابق ترک فورسز نے شمال مغربی حصے میں دو جنگی طیاروں کو 'نشانہ' بنایا۔اس ضمن میں ترکی کی وزارت دفاع نے طیاروں کو مار گرانے سے متعلق تصدیق کی لیکن حملے کی ذمہ دار قبول نہیں کی۔دوسری جانب شام کے شمال مغربی صوبے ادلب میں جاری لڑائی کے دوران ترکی نے شامی فوج کے ٹھکانوں پر بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس کے بعد گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ترکی کے فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والے شامی فوجیوں کی تعداد74 ہوگئی ہے۔ ترکی کی بمباری کے نتیجے میں ادلب میںلبنانی حزب اللہ کے 10 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ادھر ترک صدر اردگان نے کہا ہے وہ شام میں مشن پورا کریں گے، ترکی نے ملک میں موجود پناہ گزینوں کے لئے یورپ کی سرحد کھول دی ہے، شامی حملے میں 36 ترک فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ان خیالات کا اظہار استنبول میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ترک حکام کے مطابق جوابی کارروائی میں 21 سو شامی اہلکار ہلاک کر دیئے گئے ہیں۔ 3 سو فوجی گاڑیاں اور 7 کیمیائی گوداموں کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔علاوہ ازیںفرانسیسی صدر امانویل میکرون نے اپنے روسی اور ترک ہم منصوبوں ولادی میر پیوٹن اوراردگان سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور شام کے علاقے ادلب میں جاری لڑائی روکنے پر زور دیا ہے۔دریں اثناء روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے اپنے ایرانی ہم منصب حسن روحانی سے ٹیلیفونک گفتگو میں شام کے علاقے ادلب میں جاری حالیہ کشیدگی پر گفتگو کی ، یہ بات کریملن نے جاری بیان میں کہی۔بیان میں بتایا گیا کہ ادلب سیف زون میں بڑھتے ہوئے تنا ئوکے پیش نظر شام میں پیش رفت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ترک فورسز نے آپریشن سپرنگ شیلڈ کے دوران ڈرون حملوں میں 74شامی اور 14اتحادی فوجیں ہلاک کر دیئے۔ شامی فوج کے دولڑا کا طیارے اور دو فضائی دفاعی نظام بھی تباہ کر دیئے گئے۔ شامی فوج نے ترک فورسز کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا۔ شامی فوج کے حملے میں 36ترک فوجی جاں بحق ہوئے تھے۔

ای پیپر دی نیشن