لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے رہنما ثناء اﷲ نے کہا ہے کہ لندن میں ڈاکٹرز اپنی مرضی سے علاج کرتے ہیں۔ وطن واپسی کا فیصلہ نواز شریف خود کریں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ضمانت کیلئے عدالت سے دوبارہ رجوع کیا جائے گا۔ حکومت اگر برطانیہ کو خط لکھے گی تو اس کی کوئی اہمیت نہیں ہو گی۔ دریں اثناء یوتھ ونگ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کنٹینر پر اتنا جھوٹ بولا کہ کچھ لوگ گمراہ ہو گئے تھے۔ 18 ماہ میں لوگ جان گئے کہ یہ کتنے جھوٹے ہیں۔ عمران خان کی حکومت نے ڈیڑھ سال میں11 ہزار ارب قرضہ لیا کوئی ایک منصوبہ نہ بنا سکے۔ عمران خان کے عوام سے کئے گئے وعدے کہاں گئے ملک میں مہنگائی‘ بیروزگاری ہے۔ عمران خان نے اپوزیشن سے ذاتی انتقام لیا۔ خود نواز شریف کو علاج کیلئے برطانیہ بھیجا حکومت اب برطانوی حکومت کو خط لکھے اور نواز شریف کو ڈی پورٹ کرا کے دکھائے انہیں شرم نہیں آئی جو ہسپتال‘ موٹر وے نواز شریف نے بنائیں ان پر تختیاں لگا رہے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ برطانیہ کو خط لکھیں گے کہ نواز شریف کو ڈی پورٹ کیا جائے۔ فردوس عاشق اعوان اور حکومت کو کہتا ہوں اس پر یوٹرن مت لے لینا۔