لاہورہائیکورٹ، ٹک ٹاک کی بندش کے لیے درخواست دائر

Mar 02, 2020 | 14:39

ویب ڈیسک

لاہور ہائیکورٹ میں ایک شہری کی جانب سے سوشل میڈیا پر ٹک ٹاک کی بندش کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے۔لاہور ہائیکورٹ میں ٹک ٹاک کی بندش سے متعلق دائر درخواست پر جسٹس شاہد وحید نے سماعت کی، اس دوران لاہور ہائیکورٹ میں پیمرا کے لیگل سیکشن کی جانب سے تحریری جواب داخل کروایا گیا جس میں وکیل پیمرا کا کہنا تھا کہ پیمرا سوشل میڈیا کو ریگولیٹ نہیں کرتا۔وکیل پیمرا کے داخل کردہ جواب کے مطابق الیکٹرانک میڈیا پر قابل اعتراض مواد چلا ہے تو درخواست گزار کونسل آف کمپلینٹ سے رجوع کرے، درخواست قابل سماعت نہیں ہے اس لیے اسے مسترد کیا جائے۔لا ہور ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران عدالت کے روپرو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے جواب داخل نہیں کروایا گیا۔واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ٹک ٹاک کے خلاف درخواست گزار کا اپنے مؤقف میں کہنا تھا کہ ٹک ٹاک ایپ کے ذریعے نوجوان نسل کو تباہ کیا جا رہا ہے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ لاہور ہائیکورٹ وفاقی حکومت کو پرائیویسی پروٹیکشن ایکٹ بنانے سمیت درخواست کے حتمی فیصلے تک ٹک ٹاک ویڈیوز نشر نہ کرنے حکم دے۔پی ٹی اے کے وکیل کی جانب سے درخواست پر جواب داخل کروانے کے لیے مہلت مانگی گئی جس پر لاہور ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت تک پی ٹی اے کو جواب جمع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں