اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وزیر اعظم کے مشیر برائے اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین اور وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو نے کے سی آر 2 ڈاون پر سٹی سے اورنگی اسٹیشن تک سفر کیا۔ ڈی ایس کراچی محمد حنیف گل نے سٹی اسٹیشن پر ان کا استقبال کیا اور پی ڈی کے سی آر امیر محمد داودپوتہ اور ڈویژنل افسران کے ہمراہ ان کے دورے میں ساتھ رہے۔وزارت ریلوے سے جاری اعلامیہ کے مطابق کابینہ اراکین نے سٹی سے اورنگی اسٹیشن تک ریلوے تنصیبات بالخصوص واگزار کروائی گئی زمین کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے بحال کی گئی کے سی آر سروس کی یومیہ آمدنی اور اخراجات کے حوالے سے سوال کیئے جن پر ڈی ایس کراچی حنیف گل نے آگاہی دی کابینہ اراکین نے سٹی سے اورنگی 14 کلومیٹر ٹریک بحال کرنے پر ریلوے افسران اور ملازمین کی تعریف کی اور کہا کہ اسی محنت کے ساتھ کام کرنے سے اورنگی تا ڈرگ روڈ بقایا 16 کلومیٹر لوپ لائن بھی بحال ہوجائیگی۔اس موقع پر ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو بذریعہ ریلوے ایک بہترین سروس مہیا کرنا چاہتی ہے تاکہ عوام کا ریلوے پر اعتماد مزید مضبوط ہوجائے۔ انہوں نے کے سی آر کو کراچی کے عوام کی ضروریات کے مطابق سروس کرنے کے لیئے پاکستان ریلوے اور سندھ حکومت کو وفاقی حکومت کی بھرپور مدد کی یقین دہانی بھی کروائی۔کابینہ اراکین نے اورنگی سے ڈرگ روڈ تک ٹریک بالخصوص گرین لائن ایریا کا دورہ کیا اور اس کی بحالی میں حائل تمام رکاوٹوں کی تفصیلات لیں۔