اسلام آباد ( جاوید صدیق) پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ آج پاک چین سفارتی تعلقات کے ستر سال مکمل ہونے پر خصوصی پروگراموں کا افتتاح کرینگے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ اسلام آباد اور بیجنگ سے ایک ورچوئل تقریب سے خطاب کرینگے جس میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے ستر سال مکمل ہونے اور دونوں ممالک میں سٹریٹجک تعاون کے استحکام، پاکستان اور چین کی علاقائی سلامتی اور امن کیلئے کوششوں پر اظہار خیال کرینگے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اس سال پاک چین دوستی کے ستر سال مکمل ہونے پر دونوں ممالک میں کئی تقریبات ہونگی جن میں دونوں ملکوں کی ستر سال میں کامیابیوں کو نمایاں کیا جائے گا۔ پاکستان میں چین کے سفارتخانہ کی ترجمان نے نوائے وقت کو بتایا کہ پاک چین دنیا کیلئے ایک مثال ہے۔ ہمیں اپنی ماضی کی اس نسل کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیے جس نے اس دوستی کی بنیاد رکھی اور اب موجودہ اور آنے والی نسلوں کو اس عظیم دوستی کو آگے بڑھانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
پاک چین تعلقات کے ستر سال مکمل، وزرائے خارجہ آج خصوصی پروگراموں کا افتتاح کرینگے
Mar 02, 2021