لاہور(لیڈی رپورٹر) پیپلزپارٹی کی سابق رکن قومی اسمبلی بیگم بیلم حسنین نے کہا ہے کہ سینٹ الیکشن آئین کے مطابق اور فری اینڈ فیئر ہونے چاہئیں ۔یوسف رضا گیلانی کی سینٹ میں کامیابی یقینی ہے۔ بیگم بیلم حسنین نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے سینٹ الیکشن سے پہلے ترقیاتی فنڈز کیوں دیئے۔ وزیراعظم نے ہارس ٹریڈنگ کی ہے الیکشن کمشن نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایم پی ایز، ایم این ایز کو 15 کروڑ سے 50 کروڑ تک فنڈز دیئے، الیکشن کے موقع پر یہ دھاندلی میں آتا ہے۔ بیگم بیلم حسنین نے عدالت اور الیکشن کمشن سے مطالبہ کیا کہ سینٹ کے الیکشن کو فری اینڈ فیئر بنانے میں اپوزیشن کی مدد کرے، حکومت کے عزائم اچھے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین ایک مضبوط چیز ہے اور طے ہے کہ الیکشن خفیہ بیلٹ سے ہونگے۔ پیپلزپارٹی کے پاس ووٹ کی پاور ہے وہ ہر طرف سے کامیاب ہوسکتی ہے۔