پاور لومز ایسوسی ایشن کا بھوک ہڑتالی کیمپ، سیاسی رہنمائوں کا اظہار یکجہتی

Mar 02, 2021

ملتان( نیوز رپورٹر)آل پاکستان پاور لومز ایسوسی ایشن نے دھاگہ کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ اور بجلی،گیس کے بڑھتے ٹیرف کے خلاف بھوک ہڑتالی کیمپ لگا لیا۔ چونگی نمبر14پر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں،پاورلومز مالکان اور مزدوروں نے بھوک ہڑتالی کیمپ میں شرکت کی اور بعد ازاں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ پاورلومز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر عبدالخالق قندیل نے کہاکہ دھاگے کی ایکسپورٹ کی وجہ سے اس کی قیمتوں میں صرف ایک ماہ کے دوران 60فیصد سے زائد اضافہ ہوچکا ہے۔45کلوکے دھاگے کی بوری  کی قیمت میں 15سے 25ہزار روپے تک اضافہ ہوچکا ہے جبکہ بیرونی گاہکوں اور پاکستانی خریداروں سے قبل ازوقت کیے گئے معاہدوں کی وجہ سے تیار مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھاسکتے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ایکریلک، کاٹن، سٹیپل،پولسٹر یارن اور پی سی کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے ملتان میں50فیصد سے زائد پاورلومز بند ہوچکی ہیں اور لگ بھگ دولاکھ کاریگر اور مزدور بے روزگار ہوچکے ہیں۔اگر یہی صورتحال رہی تو آئندہ ہفتے باقی تمام پاورلومز جن کی ملتان میں تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہے، بھی بند ہوجائیں گی۔ دیگر رہنمائوں حاجی بشیرپہلوان،سعید احمد سعیدی نے کہا کہ دھاگے کی ایکسپورٹ فوری بند اور یارن کی درآمد پر کسٹم اور ریگولیٹری ڈیوٹی فوری ختم کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ چند یوم میں ایسوسی ایشن کااجلاس طلب کرکے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔آل پاکستان پاور لومز ایسوسی ایشن سے اظہار یکجہتی کے لئے سیاسی رہنمائوں امیر جماعت اسلامی صفدر ہاشمی،سابق صدر کلاتھ مارکیٹ چودہری محمد یوسف،مسلم لیگ ن کے میاں عامر منظور انصاری،خالد انصاری،حاجی محمد اکرم انصاری،سابق ناظم ملک اسلم ڈوگر،حاجی عبدالجبار انصاری،اسلم کامریڈ،میاں عارف علی انصاری،چودہری محمد آصف،یونس انصاری،ثناء اللہ انصاری،اختر علی انصاری،سابق کونسلر جاوید انصاری،عمران انصاری،محمد جاوید اور رفاقت منیر انصاری سمیت دیگر نے شرکت کی۔

مزیدخبریں