گورنر پنجاب چودھری سرور کے صاحبزادے انس سرور سکاٹش لیبر پارٹی کے سربراہ منتخب ہوگئے۔ وہ 2016ء سے گلاسکو ریجن کے لیے سکاٹ لینڈ پارلیمنٹ کے رکن بھی ہیں ، لیبر پارٹی کے سربراہ کا عہدہ پچھلے مہینے رچرڈ لیونارڈ مستعفی ہونے پر خالی ہوا تھا۔ انس سرور کو 57 فیصد جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار مونیکا نینن کو 43 فیصد ووٹ پڑے۔ انس سرور کا لیبر پارٹی کا سربراہ منتخب ہونا بلاشبہ پورے پاکستان کے لئے اعزاز ہے جیسا کہ گورنر پنجاب چودھری سرور نے بھی اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’سکاٹ لینڈ لیبر پارٹی کے سربراہ کی حیثیت سے انس سرور کا انتخاب باعث فخر ہے ، یہ پاکستان کا روشن چہرہ ہے ، یقین ہے کہ وہ لیبر پارٹی کے لیے اثاثہ ثابت ہونگے اور وہاں کے عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے ، لیبر پارٹی سکاٹ لینڈ کے مسائل حل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ، ہم نے سکاٹ لینڈ میں سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کے لیے کام کیا ہے ، پاکستان ہو یا سکاٹ لینڈ ہر جگہ سیاست خدمت کے جذبے سے ہی کرتے ہیں۔‘‘ انس سرور نے بھی ایسے ہی جذبات کا اظہار کیا ہے کہ ’’خدمت ہی میرا عزم ہے ، ہر حال میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتا ہوں ، تمام کمیونٹیز کو ساتھ لے کر چلیں گے ، یہ انتخاب میرا امتحان ہے ، پارٹی کے اعتماد پر پورا اتروں گا۔‘‘ پاکستانی قوم دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے انس سرور اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں۔ ان کی قیادت میں لیبر پارٹی دن دگنی رات چگنی ترقی کرے ، امید ہے ان کا انتخاب پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے بھی فائدہ مند ہو گا۔